حساس نوجوان پروگرا م کے زیرِ اہتمام جاری تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کے لیے ایک اہم معاہدہ انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد پروگرام کے معیار، شفافیت اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے تاکہ نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے اقدامات زیادہ پائیدار اور نتیجہ خیز ثابت ہوں۔اس حوالے سے سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا سعادت حسن نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود، ہنرمندی کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ترجمان محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ”احساس نوجوان پروگرام“ اس وژن کا مظہر ہے جس کے ذریعے صوبے کے ہزاروں نوجوانوں کو تربیت، رہنمائی اور ترقی کے نئے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن سے پروگرام کی شفافیت میں اضافہ ہوگا اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے مستند ڈیٹا اور تحقیق پر مبنی سفارشات حاصل ہوں گی۔ڈائریکٹر امورِ نوجوانان ڈاکٹر نعمان مجاہد نے کہا کہ اس ادارے کی تحقیقی و تجزیاتی صلاحیت صوبے میں نوجوانوں سے متعلق پالیسی سازی میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے مؤثر اور دیرپا پالیسی سازی ڈیٹا، تحقیق اور زمینی حقائق پر مبنی ہونی چاہیے تاکہ نتائج مثبت اور دیرپا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ امورِ نوجوانان نوجوانوں کے لیے تعلیم، قیادت، روزگار اور ہنرمندی کے میدان میں مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ترجمان محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا کے مطابق یہ اقدامات صوبے کے نوجوانوں کو ترقی، تعلیم اور خود اعتمادی کے سفر میں آگے بڑھانے کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہیں۔ محکمہ آئندہ بھی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے نوجوانوں کو تحقیق، تربیت اور جدید علم کے مواقع فراہم کرتا رہے گا۔
