ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افئیرز کے تعاون سے خواتین کی بااختیاری کیلئے تربیتی پروگرام کا انعقاد

نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں زندگی کے ہر میدان میں آگے بڑھنے کے قابل بنانے کے لیے نظامت امور نوجوانان خیبرپختونخوا کی جانب سے مؤثر اور عملی اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر وائبرنٹ پراسپیکٹیو آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام ”کچن سے کامرس تک، گلو، گرو اور گو فارورڈ” کے عنوان سے تین روزہ تربیتی پروگرام مہرگڑھ میں منعقد ہوا۔ اس تربیت کو نظامت امور نوجوانان خیبرپختونخوا نے معاونت فراہم کی۔تین روزہ تربیت میں نئے ضم شدہ اضلاع کی 35 نوجوان خواتین نے شرکت کی۔ تربیتی پروگرام میں لرننگ سیشنز، گروپ ورک ایکسرسائزز، لرننگ وزٹس اور پریزنٹیشنز شامل تھیں۔ پیشہ ور ماہرینِ تربیت نے شرکاء کو گھریلو سطح پر بآسانی تیار کی جانے والی اشیاء جیسے صابن، شیمپو، سن بلاک، بالوں کا تیل، کنڈیشنر اور مختلف کریمز بنانے کی عملی تربیت فراہم کی۔ٹرینرز نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی پروڈکٹس جو گھروں میں آسانی سے بنائی جا سکتی ہیں اور روزمرہ استعمال میں آتی ہیں،خواتین کو خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ شرکاء نے نظامت امور نوجوانان خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تربیتی مواقع نوجوان خواتین کیلئے خود انحصاری اور کاروباری ترقی کی نئی راہیں کھولتے ہیں۔ماسٹر ٹرینر شعیب خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور نظامت امور نوجوانان نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے قابلِ تعریف اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا تیزی سے کامرس اور ای کامرس کی طرف بڑھ رہی ہے اور وقت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔اختتام پر منتظمین اور تربیت کاروں نے امید ظاہر کی کہ اس تربیت کے اثرات جلد ہی مثبت سماجی و معاشی تبدیلی کی صورت میں سامنے آئیں گے اور ضم شدہ اضلاع کی خواتین اپنی کمیونٹی میں سیکھے گئے تجربات کو دوسروں تک پہنچائیں گی۔

مزید پڑھیں