یومِ سیاہ کشمیر پر ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا اور ڈسٹرکٹ یوتھ دفاتر میں یکجہتی تقریبات کا انعقاد

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پیر 27 اکتوبر کو ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا اور صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ یوتھ دفاتر میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کے تحت منعقدہ پروگرام کا آغاز صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا جس کے بعد یکجہتی واک کا اہتمام ہوا۔ واک کے شرکا نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ مختلف بینرز، پوسٹرز اور جھنڈے نمایاں مقامات پر آویزاں کیے گئے جن پر کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت اور بھارتی ظلم و جبر کے خلاف نعرے درج تھے۔اس موقع پر واک کے شرکائ نے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ والہانہ محبت اور غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی آزادی کی جدوجہد میں شریک رہے گی۔
یومِ سیاہ کی ان سرگرمیوں کا مقصد نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کی تاریخی، سیاسی اور انسانی پہلوؤں سے آگاہ کرنا، جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینا اور دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔یوتھ افیئرز کے دفاتر کے تحت تقریبات میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے حق میں پُرجوش نعرے لگائے۔

مزید پڑھیں