شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار فرمان ولد نواز خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی

شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار فرمان ولد نواز خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی اس موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی جنازے میں ڈپٹی کمشنر ریحان گل خٹک، ضلعی پولیس سربراہ روخانزیب خان سول حکام و دیگر پولیس افسران اور مقامی افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ریحان گل خٹک اور ڈی پی او روخانزیب خان نے قومی پرچم میں لپٹے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی۔ واضح رہے کہ شہید پولیس کانسٹیبل آپریشن ڈیوٹی پر مامور تھا جو آج نا معلوم ملزمان کی فائرنگ سے شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہوگئے۔ شہید پولیس اہلکار کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے کو روانہ کر دیا گیا جہاں پر شہید کو پورے سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر روخانزیب خان نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکار فرمان جیسے جوان ہمارا فخر ہیں جنہوں نے ملک و قوم کی سلامتی و بقا کی خاطر اپنی جان قربان کردی، ہم ان جانبازوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر اپنے ناپاک عزائم سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔بعد ازاں ضلعی پولیس سربراہ نے جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا اور افسران کو ملزمان جلد از جلد ٹریس کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت جاری کی۔

مزید پڑھیں