تخت بھائی میں دل کے علاج کی سہولتوں میں توسیع کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شاہد یونس، چیف پلاننگ آفیسر، ہسپتال ڈائریکٹر پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی قاضی سعد اور دیگر متعلقہ عملے کے ہمراہ تخت بھائی گنج ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مجوزہ سٹیلائٹ سنٹر کی تعمیر سے متعلق فزیبلٹی پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔ مشیر صحت کو منصوبے کی موجودہ صورتحال، مجوزہ ڈیزائن اور آئندہ کے مراحل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔منصوبے کے لیے بجٹ میں فنڈز پہلے ہی مختص اور ریلیز کیے جا چکے ہیں، اور تعمیراتی کام بہت جلد شروع ہونے والا ہے۔ سٹیلائٹ سنٹر کے قیام سے تخت بھائی اور گرد و نواح کے عوام کو دل کے علاج کی جدید سہولتیں مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی، جس سے بڑے شہروں کا بوجھ کم ہوگا اور مریضوں کو بروقت علاج میسر آئے گا۔اس موقع پر مشیر صحت احتشام علی نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں سہولتوں کی فراہمی اور توسیع کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اور تخت بھائی میں کارڈیالوجی سٹیلائٹ سنٹر کا قیام اسی وژن کی عملی تعبیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل مقررہ وقت میں یقینی بنائی جائے تاکہ عوام جلد از جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔یہ اقدام خیبر پختونخوا میں صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور سہولتوں کی توسیع کی ایک اہم کڑی ہے، جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے سنجیدہ عزم کا مظہر ہے