خیبر پختون خواہ کے نگران وزیر برائے ابتدائی وثانوی اور اعلیٰ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم جان نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانا اور خصوصاً پرائمری سکولوں کے ہر کلاس کے لیے الگ استاد فراہم کرنا اور بچوں کی بہترین کردار سازی پر توجہ دینا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے اور ہم صوبے کے ہر بچے کو تعلیم یافتہ بنانے کے لیے تمام موجود وسائل بروئے کار لائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرکایئوز و لائبریریز ڈیپارٹمنٹ میں ایسوسی ایشن آف بزنس پروفیشنل اینڈ ایگریکلچر وومن کے زیر اہتمام موبائل لائبریریز اور اوپن ایریا سکول فیز 2 کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر محمد اقبال، ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن ڈاکٹر بشریٰ رحیم اور دیگر اعلی حکام اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر تعلیم ڈاکٹر محمد قاسم جان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے انہیں مختلف موضوعات تیار کرنے کا ہوم ورک دیا جائے تاکہ وہ خود سے پڑھائی کرنے کے ساتھ ساتھ لائبریری سے سے بھی رجوع کریں۔ اسی طرح طلباء و طالبات کو ماڈرن ٹیکنالوجیز سے بھی روشناس کرایا جائے تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر دوسرے طلباء و طالبات کے ساتھ مقابلہ کر سکیں۔
وزیر تعلیم نے اساتذہ پر زور دیا کہ طلباء وطالبات کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں، ان کو بہترین اخلاقیات سے سکھائے اور انہیں رولز ریگولیشن کا پابند بنایا جائے اور ان میں برداشت کی صلاحیت کو اجاگر کر کریں۔اسی طرح بچوں کو درس و تدریس کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور ٹیکنیکل سکلز بھی سکھائے تاکہ ان کو پھر عملی زندگی میں آسانی ہو۔
وزیر تعلیم کو بریفنگ کے موقع پر بتایا گیا کہ ایسوسی ایشن اف بزنس پروفیشنل اینڈ ایگریکلچر ومن سکولوں سے باہر بچوں کے لیے پشاور اور خیبر اضلاع میں کمیونٹی کے تعاون سے موبائل لائبریریوں کی سہولیات فراہم کرتی ہے اس کے علاوہ اجالا سکولز نیٹ ورک کے نام سے سٹریٹ چلڈرن کو مفت تعلیم دیتی ہے اور ان بچوں کو صوبے کے بہترین تعلیمی درسگاہوں میں سکالرشپ پر اعلیٰ تعلیم دیتی ہے اسی طرح یہ ادارہ دیہی خواتین کی معاشی خود مختاری کے لیے ہنرمندی خوندی کے نام سے سکل ڈیویلپمنٹ سینٹرز بھی چلا رہی ہیں اور ان کے دستکاریوں کو مارکیٹ تک رسائی کے لیے ان لائن سسٹم بھی کامیابی سے چلا رہی ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم جان نے اسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہا اور تنظیم کو اپنے پروگرام صوبے کے دوسرے اضلاع تک توسیع دینے پر بھی زور دیا۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ موبائل لائبریریز ان علاقوں میں بھیج دی جائے جہاں پر تعلیمی شرح کم ہے۔ وزیر تعلیم نے تقریب کے موقع پر ادارے کی طرف سے جاری کردہ نئے تدریسی کتب تصویری قاعدے کا بھی افتتاح کیا۔