وزیرِ زراعت خیبرپختونخوا میجر (ر) سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کیعوامی وژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی خصوصی دلچسپی کے نتیجے میں ضلع کرک کے مختلف علاقوں کیلئے 11نئی سڑکوں کی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے جن کی تکمیل سے نہ صرف سفری سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی معیشت اور زرعی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیرِ زراعت خیبرپختونخوا میجر (ر) سجاد بارکوال نے اپنے حلقے میں ان منصوبوں کی سائیٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے میں انہوں نے علاقہ عمائدین اور پارٹی کارکنان سے ملاقات کی اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر تبادلہ خیال کیا۔ منظور شدہ منصوبوں میں اشرف خان روڈ (احمد والا تا نیو آبادی امبیری کلہ)، احمدوالہ زرعی فارم تا انڈس ہائی وے (براستہ نیو طور ڈھنڈ)، بانگی کلہ روڈ، سائیکوٹ شیخان شوبلی بانڈہ روڈ، نیو بوگارہ روڈ، احمد آباد خوجکی روڈ تا ارل بانڈہ روڈ، امبیری کلہ الگڈہ روڈ، مین صورتی کلہ روڈ، چمن آباد تا صورتی کلہ روڈ، ڈبر ہسپتال تا تانگہ زنئے روڈ اور بابل خیل تا مستی کورونہ روڈ شامل ہیں۔ سجاد بارکوال نے اس موقع پر کہا کہ سڑکوں کے یہ منصوبے عوامی سہولت اور خوشحالی کے عملی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بدولت زرعی اجناس کی منڈیوں تک بروقت رسائی ممکن ہوگی، تعلیمی اداروں تک سفر آسان ہوگا اور مریضوں کو فوری طبی سہولتیں میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے عوامی وژن کے تحت عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں کا یہ سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔۔