ڈاکٹر شفقت ایاز کی کراچی میں آئی ٹی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کراچی میں منعقدہ تین روزہ بین الاقوامی آئی ٹی سی این ایشیا کے دوسرے روز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب میں دنیا بھر سے آئی ٹی ماہرین، صنعت کار، طلبہ، پالیسی ساز، اور سرکاری و نجی شعبوں کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر اپنی پالیسی کا حصہ بنایا ہے کیونکہ یہی شعبہ آج کی دنیا میں سب سے زیادہ ترقی اور روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے علوم اور مہارتوں سے آراستہ کریں تاکہ وہ قومی معیشت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنا لوہا منوا سکیں۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے اس بات پر زور دیا کہ ’’ڈیجیٹل خیبر پختونخوا‘‘ صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عملی منصوبہ ہے، جس کے تحت ای-بستہ، ڈیجیٹل شناختی نظام، ای-سرکاری خدمات، آن لائن تعلیم اور جدید سافٹ ویئر پارکس جیسے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں کے ذریعے نہ صرف صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے گا بلکہ سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کے دروازے بھی کھلیں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کا عزم ہے کہ صوبے کے ہر نوجوان کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ گھر بیٹھے عالمی مارکیٹ تک رسائی حاصل کر سکے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ای-بستہ منصوبے کے ذریعے طلبہ کو ٹیبلیٹس فراہم کیے جا رہے ہیں جن میں تعلیمی مواد اور نگرانی کا جدید نظام شامل ہے، تاکہ تعلیم کے میدان میں شفافیت، معیار اور جدّت پیدا کی جا سکے۔
ڈاکٹر شفقت ایاز نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ ٹیکنالوجی کے بغیر مستقبل کی ترقی ممکن نہیں۔ اسی لیے ہم نہ صرف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ عالمی اداروں، نجی کمپنیوں اور نوجوانوں کے مابین براہِ راست روابط قائم کرنے کے اقدامات بھی اٹھا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے خیبر پختونخوا میں آئی ٹی زونز اور سافٹ ویئر پارکس قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔تقریب کے بعد ڈاکٹر شفقت ایاز نے مختلف کمپنیوں کے اسٹالز کا دورہ کیا اور ٹیکنالوجی کے جدید منصوبوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان اپنی محنت اور قابلیت کے بل بوتے پر عالمی منڈی میں ایک نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ حکومت ان کے ہر قدم پر ان کی رہنمائی اور معاونت کرے گی۔آخر میں ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت وزیرِ اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں ایک مضبوط معیشت اور جدید خیبر پختونخوا کی بنیاد رکھ رہی ہے اور آئی ٹی کا فروغ اس وژن کا سب سے اہم حصہ ہے۔

مزید پڑھیں