کفایت شعاری کی اعلیٰ مثال، نگران صوبائی وزیر آصف رفیق نے سرکاری مراعات واپس

خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے خوراک، زراعت، لائیوسٹاک اور جنگلات آصف رفیق نے کفایت شعاری کی اعلیٰ مثال قائم کر دی،نہ سرکاری گاڑی لی اور نہ ہی دیگر مراعات۔نگران صوبائی وزیر آصف رفیق نے اتوار کے روز اپنے آفس سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اس وقت ملک کئی قسم کے بحرانوں کی لپیٹ میں ہے جس سے نمٹنے کے لیے ذاتی حیثیت میں ہر شخص نے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جب سے نگران وزیر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا ہے تب سے کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں،نہ کوئی گاڑی لی ہے اور نہ ہی دیگر مراعات۔انہوں نے کہا کہ خدا تعالیٰ نے ذمہ داری دی ہے تو اس کو احسن طریقے سے نبھانا میرا فرض بنتا ہے،صوبائی وزیر آصف رفیق نے کہا کہ خود کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں، اس سلسلے میں محکمے کے کسی بھی اہلکار کی کوئی شاہ خرچیاں برادشت نہیں کی جائیں گی اگر کسی آفیسر کے پاس الاٹ شدہ سہولت سے زیادہ سہولیات ہیں تو ان کو فوری طور پر سرنڈر کیا جائے تاکہ ان سہولیات کو محکمے کی ترقی اور کارکردگی میں اضافے کے لیے استعمال میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ریاست بچانے کا وقت ہے جس میں تمام مکتبہ فکر کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا،خیبرپختونخوا و پاکستان میں ہی ہم نے جینا ہے اور یہاں ہی مرنا ہے تو پھر اس کی ترقی بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

مزید پڑھیں