گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہمیں متحد ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت جاری رکھنی ہے،  انسانی خدمت کے جذبہ، احساس اور خلوص کے بغیر کوئی ادارہ کامیاب نہیں ہوسکتا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہمیں متحد ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت جاری رکھنی ہے،  انسانی خدمت کے جذبہ، احساس اور خلوص کے بغیر کوئی ادارہ کامیاب نہیں ہوسکتا، ہلال احمر نے اپنی کارکردگی سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے۔انجمن ہلال احمر کے رضاکار ضم اضلاع میں انسانیت کی خدمت کا جو مشن جاری رکھے ہوئے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہو ں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں انجمن ہلال احمر ضم اضلاع کے سٹاف و رضاکاروں کو ضم ضلع باجوڑ میں خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرمین انجمن ہلال احمر ضم اضلاع ایڈوکیٹ عمران وزیر، چیئرمین انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا فرزند وزیر،سیکرٹری انجمن ہلال احمر ضم اضلاع سعید کمال، پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر محمدعلی شاہ باچہ، سیاسی رہنمااخونزادہ چٹان، مولاناہارون الرشید، باجوڑ کے عمائدین اور انجمن ہلال احمر ضم اضلاع کے سٹاف اور رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے پی آر سی ایس ضم اضلاع کے تین ایمبولینسز،  سولرائزئشن اور واش منصوبوں، ٹیوب ویلز بحالی منصوبوں کا افتتاح کیا  اور گورنرہاؤس میں لگائے گئے ایکٹیویٹی سٹالز کامعائنہ بھی کیا۔ چیئرمین عمران وزیرایڈوکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انجمن ہلال احمر ضم اضلاع کی جانب سے باجوڑ کے سیلاب متاثرین میں جلد امدادی رقوم تقسیم کی جائیں گی.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے قبائلی اضلاع میں جاری انسانی خدمات پر انجمن ہلال احمر ضم اضلاع کو خراج تحسین پیش کیا ۔گورنر نے کہا کہ ضلع کرم میں مرکزی شاہراہ کی بندش کے باوجود انجمن ہلال احمر ضم اضلاع کی جانب سے عوام تک امداد کی فراہمی یقینی بنانا قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میری ہدایات پر انجمن ہلال احمر کی دونوں برانچز نے نہ صرف مؤثر عملدرآمد کیا بلکہ نئے وژن اور نئے جذبے کے ساتھ آگے بڑھتی دکھائی دیں۔گورنر خیبرپختونخوا نے ملکی و غیر ملکی ڈونرز اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جو قدرتی آفات کے دوران متاثرہ عوام کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں ہلال احمر خیبرپختونخوا کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرہ خاندانوں کی دوبارہ بحالی میں بھی ہلال احمر کے رضاکاروں کا کردار نہایت اہم ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ہر موقع پرانہیں ساتھ پائیں گے۔آخر میں گورنرنے رضاکاروں میں تعریفی اسناداورمتاثرین باجوڑ میں ہائی جین کٹس تقسیم کیے

مزید پڑھیں