یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر سوات میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار کی قیادت میں ریلی کا انعقاد کیا گیا

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر سوات میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار کی قیادت میں ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ تعلیم، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سول ڈیفنس، تحصیل میونسپل انتظامیہ اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات سید نعمان علی شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و ہیومن رائٹس) سوات نعمت اللہ اور مختلف محکموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن کے ذریعے کشمیری عوام سے یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کی آواز سنی جانی چاہیے اور انہیں امن، عزت اور آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق ملنا چاہیے۔ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔یومِ سیاہ کشمیر ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کی جدوجہد میں تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ سوات کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے دکھ درد میں شریک ہیں اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔کشمیر کے لیے امن، انصاف اور حقِ خودارادیت یہی آج کے دن کا پیغام ہے۔

مزید پڑھیں