وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عدالتوں میں آئے روز جعلی حکومت کے جعلی مقدمات کی قلعی کھل رہی ہے اورپشاور کے رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنوں کی 9 مئی کے مقدمات میں رہائی سے یہ ثابت ہوا کہ جعلی حکومت نے پی ٹی آئی کارکنوں کو جعلی مقدمات میں پھنسایا تھا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پشاور کے رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنوں کی 9 مئی مقدمات میں رہائی کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان اوریاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے تمام بے گناہ کارکن بھی جلد رہا ہوجائیں گے۔انہوں نے کہ اسلام اباد کی عدالت نے بھی کل خیبر پختون خوا کے سینکڑوں رہنماوں اور کارکنوں کو باعزت بری کردیا ہے۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکن جعلی حکومت کی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں اور کارکنوں کو عمران خان سے محبت کی سزا دی جارہی ہے جسے وہ بخوبی قبول کرتے رہے ہیں۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی فارم 47 کی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف ہر حربہ آزمایا مگر ناکام ہوئے۔ عمران خان عوام کے دلوں میں رچ بس چکا ہے جعلی حکومت کچھ بھی کرلیں عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جعلی سلطنت کو دوام دینے کے لئے فارم 47 کی جعلی حکومت مختلف حربے استعمال کررہی ہے مگر اس کا آخری وقت قریب ہے جلد اس جعلی سلطنت کا خاتمہ ہوجائیگا اور عوام سکھ کا سانس لیں گے۔