دیر بالا میں دریاؤں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں کے تحفظ اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا کے تحت چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر نویداکبر کےزیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید بلال محمد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس)، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ایگزیکٹیو انجینئر ایریگیشن، ایگزیکٹیو انجینئر سی اینڈ ڈبلیو، ٹی ایم اوز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دریاؤں، ندی نالوں اور قدرتی آبی گزرگاہوں سے تجاوزات کے فوری خاتمے سے متعلق جامع حکمتِ عملی مرتب کی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ تمام غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بلا تاخیر آپریشن شروع کردیا گیا ہے جو کہ جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر دیر بالا نے ہدایت کی کہ تمام دریاؤں اور ندی نالوں کی حدود کی نقشہ سازی (Mapping) اور حد بندی (Demarcation) کی جائے تاکہ مستقبل میں تجاوزات کی روک تھام ممکن ہو سکے اور باقاعدہ ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔ تمام کارروائی کی تفصیلی رپورٹ جیو ٹیگڈ تصاویر، ایکشن ریکارڈ اور محکمانہ توثیق (Verification) سرٹیفکیٹ کے ساتھ جمع کروانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام ٹی ایم ایز ،اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ کی طرف سے دریا کے کنارے عمارتوں کی تعمیر کے لیے جاری کردہ NOCS کی تفصیلات/ فہرستیں دو دن کے اندر اندر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کو اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کا ایکشن ریکارڈ محکمانہ ویری فکیشن سرٹیفکیٹ جیو ٹیگ تصاویر متعلقہ سیکشن پی ایم آر یو برانچ ڈپٹی کمشنر آفس دیر بالا کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر جمع کروانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر دیر بالا نوید اکبر نے واضح کیا کہ اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لیا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر کی صورت میں ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں