وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیراطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پیکا ایکٹ ترامیم میں برابر کی شریک ہے، پیپلز پارٹی نے پیکا ایکٹ کے حق میں ووٹ دیا ہے، صدر زرداری کے دستخط کے بعد یہ بل باقاعدہ قانون بن چکا ہے۔اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب میڈیا پر ایکٹ کی مخالفت کر کے دوغلے پن کا مظاہرہ نہ کرے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، دونوں پارٹیاں ملک میں کالے قوانین کے نفاذ کی برابر ذمہ دار ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے مل کر ملک میں لاقانونیت کو فروغ دیا ہے، دونوں پارٹیوں کو اپنے کالے دھن کا مکمل حساب دینا ہوگا۔مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب یہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کو اپنے کرتوتوں کا ذمہ دار ٹھہرائیں گی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ دونوں سیاسی اشرافیہ ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں عوام کی انہیں کوئی فکر نہیں ہے صرف اپنے کرسیوں سے چمٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام دونوں سیاسی اشرافیہ سے پورا پورا حساب لیں گے۔ اس وقت اقتدار کے نشے میں دونوں پارٹیاں عوام کو روند رہی ہیں اقتدار ہمیشہ انکے ساتھ نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہے اور عوام عمران خان کے ساتھ ہے۔ 8 فروری کو پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کرکے جعلی حکومت بنائی گئی ہے جو زیادہ دیر تک نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اشرافیہ نے ریاستی اداروں کی بنیادیں کھوکھلی کی ہوئی ہیں۔