اکوڑہ خٹک دھماکے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت کا وفاق سے ٹی او آرز جلد از جلد منظور کرنے کا مطالبہ،بیرسٹر ڈاکٹر سیف

عوام کے جان و مال کی حفاظت خیبر پختونخوا حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے،مشیر اطلاعات وتعلقات عامہ

مریم نواز بھارت سے سموگ ڈپلومیسی کر سکتی ہیں تو دہشت گردی جیسے اہم مسئلے پر خیبر پختونخوا حکومت کی افغانستان سے بات چیت میں کیا حرج ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاق افغانستان سے بات چیت کے لئے خیبر پختون خوا حکومت کے ٹی او ارز جلد از جلد منظور کرے،انہوں نے کہا کہ وفاق ٹی او آرز کی منظوری میں مزید تاخیر سے گریز کرے، مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ہنگامی بنیادوں پر وفد افغانستان بھیجنا چاہتی ہے، مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اپنے عوام کے جان و مال کی حفاظت خیبر پختونخوا حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وفاق، صوبے میں دہشت گردی کی روک تھام کی بجائے اس اہم مسئلے پر سیاست کرنے سے گریز کرے، وفاق کو پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کے بیرونی دوروں پر کوئی اعتراض نہیں۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز بھارت سے سموگ ڈپلومیسی کر سکتی ہیں تو دہشت گردی جیسے اہم مسئلے پر خیبر پختونخوا حکومت کی افغانستان سے بات چیت میں کیا حرج ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق کی اس دوغلی پالیسی سے صوبے کی احساس محرومی مزید بڑھ رہی ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وفاق خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کریں۔ خیبر پختونخوا بھی پاکستان کا حصہ ہے۔ وفاق صوبہ خیبر پختونخوا کے دکھوں کا مداوا کریں۔

مزید پڑھیں