خیبرپختونخوا کے وزیر برائے زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ ہم نے زراعت میں ابھی تک وہ مقام حاصل نہیں کیا جتنا ہونا چاہیے تھا۔ جس کیلیے محکمہ زراعت اور کسانوں کو یکجا ہو کر زراعت کی ترقی میں اپنا کردار کرنا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے ضم اضلاع کے کسانوں کیلئے ورلڈ بینک کے تعاون سے دیہی سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی معاونت کے منصوبے کے تحت زرعی مشینری، زمین کی ہمواری، اراضی کے تحفظ،پانی کے بچاو،مگس بانی اور ماحولیاتی ٹیکنالوجی کی فراہمی کیلیے ماڈل فارم سروسز سنٹر باڑہ خیبر منصوبے میں کسانوں کے انتخاب کیلیے قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر زراعت میجر(ر) سجاد بارکوال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی، اراکین صوبائی اسمبلی عبدالعنی آفریدی، سہیل آفریدی، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت محمد طاہر، ڈائریکٹر جنرل زراعت ضم اضلاع مراد علی، ڈائریکٹر سیڈ عقیل شاہ، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت ضلع خیبر ضیائالاسلام اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے قرعہ اندازی کے عمل کا افتتاح کیا۔انہوں نے فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے صوبے کو خوراک میں خود کفیل بنانے میں مشترکہ کوششوں کی ضرورت۔کسانوں کو زرعی ماہرین کی ماہرانہ صلاحیتوں سے مستفید ہونے اور، ملکی اور گھریلو خوراکی ضروریات پورا کرنے کیلیے ان سے ہمہ وقت رابطہ میں رہنے پر زور دیا۔ میجر ریٹائرڈ سجاد نے کسانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کررہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت و پراجیکٹ ڈائریکٹر نے پراجیکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کا مقصد ضم اضلاع کے زمینداروں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ چونکہ ضم اضلاع میں زرعی پیداوار کے لحاظ سے کافی استعداد موجود ہے جس سے زمینداروں کی مالی حالت میں کافی بہتری لائی جاسکتی ہے۔