صوبائی مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا

صوبائی مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائیگا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امن کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پر حملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام مذموم سازش تھی۔انہوں نے کہا کہ کرم کے عوام امن دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں اور علاقے میں پائیدار امن کے لئے انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے سختی سے واقعہ کا نوٹس لیا ہے اور ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر قافلے کو وقتی طور روک دیا گیا ہے تاہم کلیئرنس ملنے کے بعد عنقریب قافلے کو روانہ کر دیا جائے گا۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ جائے وقوعہ سے میں کچھ فاصلے پر موجود تھا کمشنر کوہاٹ اور ڈی آئی جی کوہاٹ بھی ہمراہ تھے۔ صبح سے قافلہ روانہ کرنے کے لئے انتظامات کئے جارہے تھے کہ یہ ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بگن واقعہ پر گزشتہ رات وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جسمیں چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ اجلاس میں بھی واقعہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے کو امن دشمن عناصر کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کو قانونی شکنجے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ جرگے نے جو معاہدہ کیا ہے اسکے مطابق کرم میں امن و امان ہر صورت بحال کیا جائیگا۔

مزید پڑھیں