ٹرانسمشن لائن کے ذریعے صوبائی حکومت اپنی بجلی سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو بھی فراہم کرے گی
یہ منصوبہ 8 ارب روپے کی لاگت سے ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائے گا جس سے سرمایہ کاری کوفروغ ملے گا،سیکرٹری توانائی زبیرخان
خیبرپختونخوامیں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری اورصوبے میں اپنے ذرائع سے پیداہونے والی سستی پن بجلی کو بہترطریقے سے استعمال میں لانے کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قائم ہونے والی خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈسسٹم کمپنی(KPT&GSC) جلد ہی پیڈوکے مکمل ہونے والے منصوبوں سے پیداہونے والی سستی بجلی کواپنے نظام سے استعمال میں لاکر نئی تاریخ رقم کرے گی۔سوات کوریڈورسے40کلومیٹرطویل220کے وی ٹرانسمیشن لائن بچھاناموجودہ صوبائی حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جس پرتیز ی سے کام کیا جارہا ہے۔ان خیالات کااظہارسیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیرخان نے خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈسسٹم کمپنی کے بارہویں بورڈ آف ڈائیریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹومحمدایوب سمیت دیگربورڈ ممبرزمشیر طلاء محمد،ایڈیشنل سیکرٹری عبدالحسیب،ڈائریکٹرایچ آراینڈایڈمن پیڈومحمدادریس خٹک اورڈپٹی سیکرٹری توانائی اعجازاکرم نے شرکت کی۔ اجلاس میں مٹلتان سے مدین تک 40 کلو میٹر طویل 132/220 کے وی ٹرانسمشن لائن بچھانے کے جاری منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا گیاکہ ٹرانسمشن لائن کا منصوبہ 8 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے ڈیڑھ سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔ ٹرانسمشن لائن 84 میگاواٹ مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور سوات میں صوبائی حکومت کے دیگر منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی کو نیشنل گرڈ یا رعایتی نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرے گی۔منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے صوبائی حکومت کو سالانہ تقریباً 7 ارب روپے کی آمدن ہوگی۔اس سلسلے میں پیڈواورنجی کمپنی کے درمیان پہلے ہی معاہدہ طے پاچکا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں توانائی اور صنعت کے شعبوں میں انقلاب آئے گا۔ پاور ٹرانسمشن لائن کے ذریعے صوبائی حکومت اپنی بجلی سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو بھی فراہم کرے گی جس سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو صوبے کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پرسیکرٹری توانائی نے کمپنی کے حکام پر زوردیا کہ ٹرانسمیشن لائن بچھانے کیلئے فزبیلٹی سٹڈی کی تیاری اورکنسلٹنٹ کی تقرری کا عمل مزید تیزکیا جائے تاکہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کیا جاسکے۔ KPٹرانسمیشن اینڈ گرڈسسٹم کمپنی کے بورڈ کو مزید فعال بنانے کے لئے تیکنیکی ماہرین پر مشتمل ٹیم کو شامل کیا جائے تاکہ آنے والے دنوں میں کمپنی کو صوبے کے منافع بخش ادارے کے طورپر سامنے لایاجائے۔اجلاس میں کمپنی کے امورکی بہتری کے لئے کئی اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔