سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام ڈیرہ جات کے مختلف ایونٹس جاری

بروز اتوار ٹینٹ پیگنگ، کشتی، کوڈی اور دودا کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔اتوار کے روز منعقد ہونے والے مختلف ایونٹس کے موقع پر ممبر نیشنل اسمبلی فیصل امین گنڈ ہ پور اور تحصیل میئر عمر امین گنڈہ پور سپورٹس کمپلیکس میں موجود رہے جبکہ مذکورہ ایونٹس اور میلے میں دلچسپی رکھنے والے شائقین نے کثیر تعداد میں سپورٹس کمپلیکس کا رخ کیا۔ٹینٹ پیگنگ کے ایونٹ میں اتوار کے روز 70سے زائد رائیڈر کلبز نے شرکت کی اور اپنے جوہر دکھائے جس سے شائقین کافی لطف اندوز ہوئے اور تالیوں کی گونج میں گُھڑ سواروں کو داد ملتی رہی۔ٹینٹ پیگنگ کے سلسلے میں اسلام آباد سے آئے ہوئے خواتین رائیڈر کلب نے بھی پرفارم کیا جسے کافی سراہا گیا۔اسی طرح کوڈی اور دودا کے ایونٹس میں بھی علاقائی اور دو ر دراز کے نامور پہلوانوں نے حصہ لیا۔ اتوار کے روز دیگر ایونٹس میں سیک لفٹنگ، سٹون لفٹنگ، وغیرہ بھی شامل کیے گئے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ممبر نیشنل اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور نے کہا کہ ڈیرہ جات جہاں علاقائی ثقافت اور کلچر کو اجاگر کرتا ہے وہیں مہمان نوازی بھی ہمارے کلچر کا حصہ ہے لہذا ڈیرہ جات کیلئے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہیں اور اسکے ساتھ ساتھ ہم نے ڈیرہ جات کے تحت جو شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے اس میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے حصے کا پودا ضرور لگائیں کیونکہ درخت ماحول کو صاف ستھرا بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر کبڈی کے کھیل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نامور پہلوانوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تحصیل میئر عمر امین گنڈہ پور نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ جات علاقے کے لوگوں سمیت کھلاڑیوں اور دوسرے اضلاع کے لوگوں کیلئے بھی خوشیاں بکھیرنے کا ذریعہ ہے جس سے روایتی کھیلوں کو زندہ رکھنے کے ساتھ ساتھ بڑی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ جات کا تسلسل سے انعقاد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈہ پور کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کیونکہ ایسے مواقعوں کی فراہمی سے جہاں ایک طرف ثقافتی، روایتی، کلچرل ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے وہیں معاشی سرگرمیاں بھی دیکھنے کو ملتی ہیں اور کھلاڑیوں سمیت دیگر لوگوں کو بھی معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے مختلف مواقع میسر آتے ہیں۔

مزید پڑھیں