صوبہ بھر میں صاف شفاف امتحانات منعقد کئے جائیں گے ہر امتحانی حال میں کیمرے نصب ہوں گے اور متعلقہ بورڈز کے ساتھ منسلک ہوں گے۔ فیصل خان ترکئی
صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ آنے والے میٹرک امتحانات کے لئے تمام تیاریاں بروقت مکمل کی گئی ہیں میرٹ پر صاف وشفاف امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ امتحانی عملے کی تعیناتی کے لیے مکینزم تیار ہے۔ محنتی ایماندار اور اچھی شہرت رکھنے والے اساتذہ کو امتحانی ہالوں میں تعینات کیا جائے گا۔ ہر امتحانی ہال میں کیمرے نصب ہوں گے جو کہ متعلقہ بورڈز کے ساتھ منسلک ہوں گے۔ ہر سرکاری اور نجی امتحانی ہال کے لئے کیمرے لازم ہیں کسی بھی سکول کو اس وقت تک ہال نہیں دیا جائے گا جب تک وہاں مانیٹرنگ کیلئے کیمرے نصب نہ ہو۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ میرٹ پر چیئرمین، سیکرٹریز اور کنٹرولرز تعینات کئے گئے ہیں اور ہم پر امید ہیں کہ بہترین امتحانات صوبہ بھر میں منعقد کیے جائیں گے۔ تمام پیپرز ایس ایل او بیسڈ ہوں گے جس میں نقل اور رٹہ سسٹم کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ بھر کے تعلیمی بورڈز سربراہان اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن قیصر عالم، ایڈیشنل سیکرٹری محمد شعیب، ڈائریکٹر ایجوکیشن ثمینہ الطاف اور متعلقہ تمام بورڈز کے چیئرمین اور کنٹرولرز نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم نے حکام کو ہدایت کی کہ دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں بشمول برف باری کے علاقوں کے ہالز کے لئے خصوصی انتظامات کریں تاکہ طلبہ کے پرچہ جات متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی ہالوں میں پرچوں کی فراہمی کے لئے واضح نشاندہی کے اقدامات کریں تاکہ معلوم ہو کہ کس ہال میں کون سے پرچے بھیجے گئے ہیں اور لیکج کی صورت میں متعلقہ ہالز کے خلاف فوری کاروائی کی جا سکے۔ انہوں نے تمام بورڈ سربراہان کو ہدایت کی کہ سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن قیصر عالم کی سربراہی میں آنے والے میٹرک امتحانات کو مزید صاف اور شفاف بنانے کے لئے پیشگی اقدامات کریں اور تجاویز اور لائحہ عمل تین دنوں کے اندر محکمہ تعلیم کو بھیج دی جائیں۔ وزیر تعلیم نے تمام بورڈز کو آگاہ کیا کہ جس بھی بورڈ کا پرچہ لیک ہوا اسی بورڈ کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ غلطی کی بالکل کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہم نے ہر صورت میرٹ پر صاف و شفاف امتحانات منعقد کرنے ہیں تاکہ وہ طلبہ و طالبات جنہوں نے محنت کی ہے ان کو ان کی محنت کے ثمرات مل سکیں۔وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے ایجوکیشن حکام کو مزید ہدایت کی کہ امتحانات کے انعقاد تک ہر 15 دنوں کے حساب سے اجلاس منعقد کئے جائیں اور تمام مراحل کی نگرانی کریں انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ، ڈائریکٹریٹ اور ڈسٹرکٹ آفسز لیول پر امتحانات کی نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن قیصر عالم کو ہدایت کی کہ صوبے بھر کے تمام ضلعی انتظامیہ کو آنے والے میٹرک امتحانات میں مانیٹرنگ بشمول نقل کی روک تھام کے لیے خط و کتابت کی جائے تاکہ ضلعی انتظامیہ کا بھرپور تعاون حاصل ہو۔ انہوں نے ڈائریکٹر ایجوکیشن کو بھی ہدایت کی کہ امتحانی عملے کی تعیناتی میں تمام بورڈز کی بھرپور معاونت کی جائے اور جن لوگوں کی امتحان میں ڈیوٹی لگ جائے ان کو اجازت دی جائے انہوں نے چیئرمین بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ علاقے جہاں حالات خراب ہیں یا جہاں منتخب ہالوں میں مسائل پیش آتے ہیں ان کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔ اور وزیر تعلیم کو اس بارے میں فوری آگاہ کیا جائے۔ وزیر تعلیم نے بورڈ سربراہان کو یہ بھی ہدایت کی کہ اپنے متعلقہ اضلاع میں سپورٹس ٹورنامنٹس کے انعقاد میں بھر پور تعاون کریں اور کھلاڑیوں کی بھرپور معاونت کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام بورڈز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے والدین طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے لیے آگاہی مہمات چلائیں اور اس پر خصوصی توجہ دی جائے انہوں نے تمام بورڈز کے لیے میڈیا فوکل پرسن منتخب کرنے کی بھی ہدایت کی جو کہ بورڈز فیصلہ جات کے بارے میں عوام کو آگاہی دیں۔