صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں تمام غیر ضروری پوسٹوں کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا جائے گا۔ تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اور بہت جلد اساتذہ کو اپنی صحیح پوسٹوں پر واپس بھیج دیا جائے گا تاکہ متعلقہ مضمون کے لئے منتخب شدہ اساتذہ وہی مضمون پڑھائیں جس کی وہ تعلیمی قابلیت اور تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو اپنی صحیح پوسٹوں پر واپس بھجوانے سے معیار تعلیم میں بہتری آئے گی اور طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اساتذہ جو کہ ڈیپوٹیشن پر دوسرے اداروں میں گئے ہیں ان کو بھی واپس بلایا جائے گا تاکہ اساتذہ کی کمی پوری کی جا سکے ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اولین ترجیح ہے اور ہم نے ہر صورت طلبہ و طالبات کو اساتذہ فراہم کرنے ہیں۔ انہوں نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت دی کہ فوری طور پر ڈیپوٹیشن ملازمین کی تفصیلی رپورٹ بھیج دی جائے جس میں ان کا ڈیپوٹیشن دورانیہ اور دیگر تمام معلومات شامل ہوں۔ وزیر تعلیم نے یہ بھی ہدایت کی کہ لمبی چھٹیوں پر جانے والے اساتذہ کی بھی تفصیلی رپورٹ فراہم کی جائے اورفوری طور پر ان کی غیر ضروری چھٹیاں منسوخ کر دی جائیں۔ میٹرک اور انٹر میڈیٹ امتحانات قریب آرہے ہیں اور ہم نے ہر صورت تمام تر توجہ طلبہ و طالبات کو دینی ہے ان کے تدریس عمل میں بہتری لانے اور کورس کی بروقت تکمیل کے لیے استاد کا ہمہ وقت موجود ہونا ضروری ہے۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے یہ بھی ہدایت کے کہ اساتذہ کے تفصیلی ریشنلائزیشن پلان کو بھی جلد از جلدحتمی شکل دی جائے تاکہ طلبہ ریشو کے حساب سے سکولوں میں اساتذہ بھیج دیئے جائیں اور وہ سکول جہاں پر طلبہ و طالبات کی تعداد کم ہے اور اساتذہ زیادہ ہیں وہ قریبی سکولوں میں ٹرانسفر کر دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے محدود وسائل کے اندر رہ کر ہی اپنے مسائل پر قابو پانا ہے اور غیر ضروری چیزوں کو ختم کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم میں اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن قیصر عالم، ایڈیشنل سیکرٹری فیاض عالم، ایجوکیشن ایڈوائزر میاں سعد الدین ڈائریکٹر ایجوکیشن ثمینہ الطاف اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ایجوکیشن ایڈوائزر میاں سعد الدین نے اساتذہ ریشنلائزیشن، رانگ پوسٹنگ، اساتذہ کی چھٹیوں کی تفصیلات، گورننس، ریفارمز اور محکمہ تعلیم کے ڈیولپمنٹ پارٹنرز کی کارکردگی کے حوالے سے فورم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے ایجوکیشن ایڈوائزر اور محکمہ تعلیم کے ریفارمز یونٹ کو ہدایت دی کہ ایک مہینے کے اندر ڈونرز کانفرنس کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ ڈیویلپمنٹ پارٹنرز کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے اور کوشش کریں کہ دوھرے پن سے بچا جا سکے کوئی بھی ڈونر ایک طرح کے کام نہ کریں ہر ڈونر کوعلیحدہ علیحدسیکٹرز میں کام کرنے کی ہدایات دی جائیں۔ وزیر تعلیم نے حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ طلبہ و طالبات اور محکمہ تعلیم کے تمام نظام کی فوری طور پر ڈیجیٹائزیشن کریں سکولوں اور اس میں موجود سہولیات اور مستقبل کی ضروریات کے لئے اقدامات کریں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کام کو سٹریم لائن کرنا ہے تاکہ ہر سیکٹر پر خصوصی توجہ دی جا سکے۔ انہوں نے اساتذہ کی تربیت کے لیے بھی جلد از جلد لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی۔