صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللّٰہ خان نے کہا ہے کہ دفاع پاکستان کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں بھارتی ناپاک عزائم کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ محکمہ آبپاشی کے تمام منصوبوں میں عوام کی بہتری اور ترقی کو اولین ترجیح ہر رکھا جائے۔ منصوبوں پر اولین حق علاقہ مکینوں کا ہوتا ہے پہلے حق دیا جائے گا اور اگر کسی کا تھوڑا بھی نقصان ہوا ہو اس کا ازالہ ضرور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ترقی، انصاف اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے بانی لیڈر عمران خان کے ویژن کے مطابق کرپشن کے لیے زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا پختونخوا علی امین گنڈاپور عمران خان کی سلیکشن ہے پارٹی کو اس پر پورا اعتماد ہے وہ صوبہ کی ترقی کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ملاکنڈ اور ضلع دیر میں محکمہ آبپاشی کے مختلف منصوبوں پر کام کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کے موقع پر کیا۔ دورہ میں معاون خصوصی جیل خانہ جات ملک ہمایوں خان، ممبر صوبائی اسمبلی اور ڈیڈک چیئرمین ضلع دیر عبید الرحمن، سیکرٹری محکمہ آبپاشی آیاز خان، چیف انجینئر نارتھ غلام اسحاق خان، ضلعی انتظامیہ کے افسر، محکمہ آبپاشی کے افسران اور پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی ورکرز بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر عاقب اللہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے عدم تعاون کے باوجود بھی ہم محدود وسائل میں اپنے پراجیکٹس مکمل کررہے ہیں۔ جب ہماری حکومت آئی تو 36 ڈیم زیر تعمیر تھے جس میں 8 کو ہم نے مکمل کرلیا ہے جس میں 2 ڈیمز کا افتتاح بھی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کیا ہے جبکہ 6 ڈیمز کا افتتاح جلد متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پی اینڈ ڈی نے آبپاشی کے 44 منصوبوں کی نشاندہی کی تھی اور ان منصوبوں کو رواں سال مکمل کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا لیکن الحمد اللہ ہم نے 51 منصوبے مکمل کروائے ہیں جو ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہم صرف باتیں نہیں کرتے بلکہ عملی کام پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے ضلع لوئر دیر کے سب ڈویژن ادینزئی میں صانام ڈیم دورے کے موقع پر کہا کہ صانام ڈیم وفاقی اور صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کا مشترکہ منصوبہ ہے جس میں 73 فیصد اخراجات وفاقی حکومت جبکہ باقی ماندہ اخراجات خیبر پختونخوا حکومت خرچ کررہی ہے۔ اس ڈیم پر 70 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور انشاء اللہ اس کو ٹارگٹ سے پہلے دسمبر 2025 میں مکمل کرینگے۔ صانام ڈیم پر کام سے پہلے متاثرہ اراضی مالکان کو معاوضہ ادا کرینگے اور کسی کیساتھ بھی نا انصافی نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ صانام ڈیم کی تعمیر سے یہاں پر زرعی اراضی سیراب ہوگی اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ اس کیساتھ ساتھ زراعت ترقی کریگا اور عوام کی معیار زندگی بہتر ہو جائیگی۔ صانام ڈیم میں تمام ملازمیتیں مقامی لوگوں کو دی جائیگی۔ عاقب اللہ خان نے کہا کہ ہماری حکومت کے پراجیکٹس کا مقصد عوام کی معیار زندگی بہتر بنانا ہے اور عوام کے اعتماد کے بغیر یہ کام ناممکن ہے۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے آفیسران سے کہا کہ تمام پراجیکٹس پر کام کو تیز کیا جائے اور جہاں پر مسائل ہیں ان کی نشاندہی کریں تاکہ ان کو حل کرکے عوام کی ترقی کے پراجیکٹس تیز کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ کی جنگیں پانی پر ہوگی اور ہمیں اپنے پانی کو محفوظ بنانا ہوگا۔ اس سے قبل صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے ضلع ملاکنڈ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اماندرہ ہیڈ ورکس کا بھی معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر نے محکمہ آبپاشی کے حکام کو سختی سے تاکید کی کہ عام عوام کو ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ سے کوئی بھی شکایت نہیں ہونی چاہیئے۔