ڈیرہ جات 2025 کے تحت مختلف ایونٹس سمیت آرٹ اورکلچر کی سرگرمیوں کا سلسلہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعرات کے روز بھی جاری رہا۔ اسی تسلسل میں دو روز تک جاری رہنے والی فنی نمائش کی اختتامی تقریب ڈسٹرکٹ آڈیٹوریم ہال میں منعقد کی گئی جس کے دوران مختلف سینئر و جونیئر آرٹسٹوں میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ تقریب میں محکمہ سپورٹس کے ڈائریکٹر آپریشنز نعمت اللہ مروت، ڈپٹی ڈائریکٹر جمشید بلوچ، ریجنل سپورٹس آفیسر رضی اللہ بیٹنی، سینئر آرٹسٹ عجب گل، فاروق سیال، جمشید میتھیو،محمد شریف، دانش خان، قاری عبدلکریم سمیت دیگر سینئر و جونئیر آرٹسٹس، آرگنائزرز، منیجمنٹ ٹیم کے علاوہ کافی تعداد میں آرٹ میں دلچسپی رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ نمائش میں تقریباً 75سینئر و جونیئر آرٹسٹس کی جانب سے پنٹنگز نمایاں کی گئیں تھیں۔ اس موقع پر ریجنل سپورٹس آفیسر رضی اللہ بھٹنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ کو فروغ دینا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ڈیرہ جات کے تحت ایسی سرگرمیوں کا شمار ایک احسن اقدام ہے جس سے نہ صرف آرٹسٹس کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ دیگر لوگوں میں بھی ایسی سرگرمیوں سے متعلق دلچسپی پیدا ہوتی ہے۔اسی حوالے سے سیئنئر آرٹسٹ عجب گل کا کہنا تھا کہ جہاں پر جونیئر آرٹسٹس میں مرد حضرات دلچسپی لے رہے ہیں وہیں خواتین بھی اس شعبے میں کافی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں جو کہ قابل تحسین ہے۔واضح رہے کہ ڈیرہ جات کے تحت کل ڈسٹرکٹ آڈیٹوریم ہال میں ایک روزہ مشاعرہ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔