متحدہ علماء بورڈ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام پشاور کے تاریخی مقام قلعہ بالا حصارپرایک عظیم الشان یومِ فتح ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بورڈ سے وابستہ تمام مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام نے شرکت کی اور اپنے بیانات میں افواجِ پاکستان کی جرأت مندانہ اور بروقت کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔علمائے کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ ملک کے دفاع میں افواجِ پاکستان کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عزم اور حوصلے نے پوری قوم کو اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیا ہے۔ریلی کے دوران تمام مکاتب فکر کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قومی وحدت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور یہی ہمارے امن و استحکام کی بنیاد ہے۔ شرکاء نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ آئندہ جمعہ کو صوبے بھر میں“یومِ فتح”اور“یومِ تشکر”کے طور پر منایا جائے گا تاکہ قوم کی استقامت اور افواجِ پاکستان کی خدمات پر اظہارِ تشکر کیا جا سکے۔ریلی میں علماء نے اتحاد، بھائی چارے، اور امن کے فروغ کے لیے دعا کی اور قوم سے اپیل کی کہ وہ انتشار پھیلانے والے عناصر سے ہوشیار رہیں۔ علماء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے خطبات، بیانات اور کردار کے ذریعے معاشرے میں برداشت، رواداری اور قومی وحدت کے فروغ کے لیے سرگرم رہیں گے۔ریلی کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی، اتحاد اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا