قائد عمران خان کو فی الفور رہا کیا جائے، فضل حکیم خان

وطن عزیز پاکستان ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے،صوبائی وزیر
ملک کی حفاظت ہمارا قومی، دینی اور اخلاقی فرض ہے،فضل حکیم خان
صوبائی وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے گرین چوک مینگورہ میں عمران خان کی رہائی کیلئے منعقدہ پرامن احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو فی الفور رہا کیا جائے۔ عمران خان کی گرفتاری نہ صرف قانونی اصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے عوام کے جمہوری حق کی توہین بھی ہو رہی ہے۔ آج جب ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ قوم کو ایک ایسے رہنما کی اشد ضرورت ہے جو دیانت، جرأت اور عوامی خدمت کا نشان ہو۔ عمران خان کی رہائی نہ صرف انصاف کی بحالی ہوگی بلکہ یہ سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے جب ملک کے سب سے مقبول اور عوامی لیڈر سابق وزیر اعظم عمران خان کو غیر قانونی اور غیر آئینی طریقے سے گرفتار کیا گیا۔ یہ واقعہ نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ جمہوری اقدار، عدالتی خودمختاری اور سیاسی آزادی پر ایک سنگین حملہ بھی ہے۔ عمران خان کی گرفتاری نے ملک بھر میں عوامی غصے اور اضطراب کو جنم دیا۔ قوم کے ہر طبقے نے اس غیر قانونی اقدام کی مذمت کی اور سوال اٹھایا کہ ایک قانون پسند اور عوامی قائد کو اس طرح زبردستی گرفتار کرنا کون سے قانون اور انصاف کے دائرے میں آتا ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام گرین چوک مینگورہ سوات میں بڑے پُرامن احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی، سلطان روم، محمد نعیم خان، حمید الرحمان، مئیر تحصیل بابوزئی شاہد علی خان، تحصیل چیئرمین کبل سعید خان، تحصیل چیئرمین بحرین میاں شاید علی اور بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کارکنوں، یوتھ، آئی ایس ایف اور عوام نے بھی شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کی۔ انہوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور آئین، قانون، عوامی حقوق اور شفاف جمہوریت پر مبنی ہے اور اسی نظریے کی حفاظت کے لیے سوات کے عوام سڑکوں پر نکلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی غیر آئینی گرفتاری عوام کی رائے اور ووٹ کی توہین ہے جو کسی صورت قبول نہیں، ہم سیاسی انتقام، آئین شکنی اور جمہوری اقدار کی پامالی کے خلاف ہیں۔یہ احتجاج اسی قومی جدوجہد کا حصہ ہے جو پاکستان کو ایک آزاد، خوددار اور قانون پر مبنی ریاست بنانے کے لیے جاری ہے۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ پُرامن احتجاج عوام کا آئینی حق ہے اور خیبرپختونخوا کے عوام، بالخصوص سوات کے باشعور شہری اس جدوجہد میں عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی یکجہتی، اداروں کی آئینی حدود اور جمہوری استحکام پر یقین رکھتے ہیں۔ عمران خان کی رہائی ملک کے سیاسی و معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور اس کے تمام کارکنان پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور ہر ایسے اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں جو ریاستی طاقت کے غلط استعمال اور جمہوری اصولوں کی پامالی پر مبنی ہو۔ فضل حکیم خان نے مزید کہا کہ وطن عزیز پاکستان ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اس سر زمین کے ایک ایک ذرے کی حفاظت ہمارا قومی، دینی اور اخلاقی فرض ہے ہماری عظیم اور بہادر افواج خصوصاً پاک فضائیہ نے جس جرات و دلیری سے حالیہ دنوں میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، وہ لائق تحسین اور باعث فخر ہے۔ دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پاک فضائیہ نے یہ واضح کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ہر حال میں ناقابل تسخیر ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ قوم اپنے سپاہیوں، شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور عہد کرتی ہے کہ ہم ہر قیمت پر اپنے ملک کا دفاع کریں گے۔

مزید پڑھیں