خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے محکمہ اوقاف کے پراپرٹیز کی شفاف انتظام و انصرام کے سلسلے میں دوروں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے. اس سلسلے میں انہوں نے پیر کو مانسہرہ میں واقع محکمہ اوقاف کے مختلف زمین و پراپرٹی کا خصوصی اور تفصیلی دورہ کیا. جہاں انہوں نے اوقاف کی تمام پراپرٹی جس میں لیز شدہ، غیر لیز شدہ و تجاوزات کی نظر ہونے والی اور دیگر جائیداد کا جائزہ لیا اور راضی نامے چیک کیں جبکہ وصولی ریکارڈ کے حوالے سے بھی امور کا جائزہ لیا. متعلقہ حکام کی جانب سے وزیر مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری کو آگاہ کیا گیا کہ مانسہرہ سٹی میں محکمہ اوقاف کے وقف پراپرٹی مقامی مساجد کمیٹی نے 86 کنال اور دس مرلہ زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا ہوا ہے. صوبائی وزیر نے مانسہرہ ڈوڈھیال میں بھی وقف پراپرٹی کا دورہ کیا. جہاں انہوں نے وقف زمین جس کا کل رقبہ 9 کنال اور دس مرلے ہے کا جائزہ لیا، صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ مانسہرہ ڈوڈھیال میں واقع زمین پر مقامی افراد نے قبضہ کیا ہوا ہے. صوبائی وزیر نے شنکیاری مانسہرہ میں اوقاف کے زمین پر واقع کمرشل دکانیں اور اراضی کا جائزہ لیا. اپنے دورہ کے موقع پر صوبائی وزیر محمد عدنان قادری نے ریمارکس دئیے کہ محکمہ اوقاف کی تمام اراضی واگزار کی جائے گی تاکہ اس سے صحیح معنوں میں عوامی فلاح کے لیے فائدہ اٹھایا جا سکے. انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا وژن ہے کہ لیز، پرمٹ اور دیگر تمام امور میں شفافیت ہو نا چاہیےے تا کہ کرپشن اور سفارش کا قلع قمع ہو سکیں. انہوں نے مزید بتایا کہ اوقاف کے زیر انتظام تمام امور و اراضیات کا خود جائزہ لے رہا ہوں اور کسی کو قانون کی خلاف ورزی کرنے نہیں دوں گا۔