وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ملک لیاقت علی خان نے کہا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا دارومدار براہِ راست بہبود آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی سے ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور بہبودِ آبادی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں کیونکہ عوام کو ریلیف دینا عوامی ایجنڈا میں اولین ترجیح ہے۔ پاکستان کی ترقی کے لیے ہر کام خلوص نیت اور دیانتداری کے ساتھ فرض سمجھ کر سب ملکر کام کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسرز کے لیے منعقدہ ایک روزہ سیمینار
Sensitization on National Narrative for Population Growth (TAWAZUN)
میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔سمینار میں سیکرٹری بہبودِ آبادی عماد علی لوہانی، ڈائیریکٹر جنرل بہبود آبادی عائشہ احسن اور بہبودِ آبادی کے ڈسٹرکٹ افسران نے شرکت کی۔ سیمینار میں محکمہ کی طرف سے معاون خصوصی کو ایک سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیمینار سے خطاب میں ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ ہمیں دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا ورنہ جدید دور میں ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے بہتر زندگی کے لیے لوگوں میں بہبودِ آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے شعور پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ غذائی، پانی، صحت کی سہولیات اور دیگر وسائل کی فراہمی مشکل ہو جاتی ہے۔ خاندانی منصوبہ بندی سے ماؤں اور بچوں کی صحت بہتر ہوتی ہے اور زچگی کے دوران پیچیدگیوں میں کمی آتی ہے۔لوگوں کو بہترین تولیدی صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر یقینی بنانے کے لیے دیہی سطح پر مراکز کو مزید فعال بنائینگے۔ ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ چھوٹے خاندان زیادہ بہتر مالی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں اور بچوں کو اچھی تعلیم و تربیت فراہم کر سکتے ہیں جس سے بے روزگاری، غربت اور بے گھری جیسے مسائل کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی اور بہبودِ آبادی کی پالیسیوں کو فروغ دے کر، معاشرتی اور اقتصادی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے جو ایک ترقی یافتہ معاشرے کی ضامن ہو سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں