خیبر پختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کانفرنس روم سوات میں انڈسٹریل زون سے متعلق اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سلیم الرحمان، سہیل سلطان ایڈوکیٹ، ڈاکٹر امجد علی خان، چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ، سلطان روم، محمد نعیم، ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب اور چیمبر آف کامرس سوات کے وفد سمیت متعلقہ افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر اور ممبران اسمبلی کو سوات کے مجموعی صورتحال اور انڈسٹری زون سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے چیمبر آف کامرس سوات کے وفد اور دیگر نے سوات کے مختلف علاقوں میں انڈسٹریل زون بنانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں عوامی مفاد کیلئے ضروری فیصلے بھی کئے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ سوات کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں اور اس حوالے سے تمام ممبران اسمبلی کی کوشش ہے کہ سوات کی فلاح و بہبود اور ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات محنت سے کام کریں انہوں نے کہا کہ سوات کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے انڈسٹریل زون کا قیام انتہائی ضروری ہے انشائاللہ ہماری کوشش ہوگی کہ انڈسٹریل زون کا قیام عملی طور پر جلد سے جلد لایا جائے انہوں نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس سوات کے تمام عہدیداروں کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس اجلاس میں شرکت کی اور انڈسٹریل زون کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے انڈسٹریل زون پر سنجیدگی سے غور کرنے کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دی۔