سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات سلیم خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف اور سیکرٹری اطلاعات محمد خالد کی شرکت

تقریب میں ڈائریکٹرجنرل سلیم خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش

محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ میں ڈائریکٹر جنرل سلیم خان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ سیکرٹری اطلاعات، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔تقریب کے دوران مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے سلیم خان کی نظامت اطلاعات وتعلقات عامہ میں طویل اور شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پیشہ ورانہ دیانتداری، محنت اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ اُن کی قیادت میں محکمے نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اس موقع پر مشیر اطلاعات نے سلیم خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سلیم خان جیسے افسران اداروں کے لیے اثاثہ ہوتے ہیں، اور ان کا تجربہ نوجوان افسران کے لیے مشعلِ راہ ہے۔سیکرٹری اطلاعات محمد خالد نے بھی سلیم خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سلیم خان ایک تجربہ کار، باصلاحیت اور وژنری افسر تھے جن کی قیادت میں نظامت اطلاعات نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کا انتظامی وژن اور ٹیم ورک کا جذبہ نوجوان افیسرز کے لئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلیم خان نے محکمے میں ایک مثبت اور پیشہ ورانہ ماحول کو فروغ دیا، اور اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔تقریب میں دیگر مقررین نے بھی سلیم خان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربات بیان کیے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سلیم خان نے اپنے خطاب میں تمام افسران و اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری سے نبھانے کی کوشش کرتے رہے، اور انہیں خوشی ہے کہ وہ ایک باعزت انداز میں اپنی خدمات مکمل کر کے رخصت ہو رہے ہیں۔ سلیم خان نے کہا کہ ادارے کے لئے انکی خدمات کا سلسلہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی جاری رہیگا۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات اور سلیم خان کے لیے نیک تمناؤں کے اظہار پر ہوا۔

مزید پڑھیں