وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیراطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیراطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چئیرمین عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے موقع پر پاکستانی قوم متحد ہو چکی ہے اور قوم کے اس اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے عمران خان پر درج سیاسی مقدمات کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے مقبول لیڈر ہیں اور ان کو فوری رہا کرنا چاہیے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان کو جعلی مقدمات میں مزید جیل میں رکھنا قوم کو پھر سے تقسیم کرنے کے مترادف ہوگا۔ جعلی حکومت قوم کے اتحاد کے اس سنہری موقع کو ضائع نہ کرے، جعلی حکومت کو قومی اتحاد کی خاطر فسطائی رویہ ترک کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی بھارت کے خلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا نے بھارت کے خلاف سوشل میڈیا کا محاذ نہ صرف کامیابی سے سنبھالے رکھا بلکہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم نے بھارتی بیانیے کو چاروں شانے چت کیا اورسوشل میڈیا ٹیم نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو زمین بوس کیا۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ عمران خان عوامی لیڈر ہے اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد انکے پیچھے کھڑی ہے اس لئے موجودہ حالات میں عمران خان کی رہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام قائدین اور کارکنان کے خلاف جعلی مقدمات کا سلسلہ فوری روکے اور قوم کو تقسیم کرنے سے بچائے۔

مزید پڑھیں