چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرصدارت گورننس روڈ میپ کے تحت صحت و صنعت کے محکموں کا اجلاس

خیبر پختونخوا حکومت کے ”گورننس روڈ میپ” کا جائزہ لینے کے لئے اجلاسوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں صحت اور صنعت کے محکموں سے متعلق دو علیحدہ علیحدہ اجلاسوں کا انعقاد ہوا جس کی صدارت چیف سیکر ٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے کی۔اجلاس میں محکمہ صحت کے لیے تیار کردہ حکمت عملی پر غور خوص کیا گیا جس کا مقصد بنیادی طبی سہولیات کو مستحکم کرنا، ثانوی ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور افرادی قوت کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے تاکہ عوام کو ایمرجنسی اور مخصوص علاج کی بہتر سہولیات فراہم ہوں،اس کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے کو ڈیجیٹائزیشن اور پالیسی اصلاحات کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کے اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا۔محکمہ صنعت کے روڈ میپ میں صنعتی زونز کی ڈیجیٹائزیشن، صنعتی بستیوں کے قیام میں رکاوٹوں کے خاتمے، مزید آسانیاں پیدا کرنے، کاروباری سرگرمیوں کے لئے چھوٹی صنعتوں کو فروغ دینے، اور تکنیکی تربیتی ادارے (ٹیوٹا) کی استعداد کو بڑھاتے ہوئے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا جیسے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ روڈ میپ اور ایکشن پلان کے تحت پیش رفت کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر نگرانی یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ اور آپریشنل سٹاف کو بھی ان اہداف سے آگاہ کیا جائے تاکہ ان کی بھرپور شمولیت سے مؤثر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔اجلاس میں دونوں محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ اور محکمانہ اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا۔گورننس روڈ میپ ایک مربوط حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت تمام محکموں کی ترجیحات کو یکجا اور ہم آہنگ کر کے اصلاحات کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ جامع اور مربوط حکمت عملی صوبے میں گورننس کو بہتر بنانے، ترقی کو تیز کرنے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مزید پڑھیں