وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے نظام میں بہتری اور شفافیت لانے کے لیے نظام کو آن لائن اور ڈیجیٹائز کر رہے ہیں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کی ڈیجیٹائزیشن پر کام جلد از جلد شروع کر کے سارے نظام کو آن لائن کیا جائے وہ جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایمپلائمنٹ ایکسچینج سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز، ایم ڈی خیبر پختونخوا ٹیوٹا ملک منصور قیصر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاون خصوصی کو خیبر پختونخوا ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں ایمپلائمنٹ ایکسچینج کی ذمہ داریوں، رولز اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں معاون خصوصی کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی طفیل انجم کا کہنا تھا کہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے حوالے سے لوگوں کی بہت سی شکایات آرہی ہیں ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے نظام میں بہتری لانے کے لیے ہر ایک کو دلچسپی لینا ہوگی اور سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا ایمپلائمنٹ ایکسچینج کے موجودہ نظام میں جو خامیاں ہیں اس کو دور کرنے کے لیے سب ایک ٹیم ورک کی طرح کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کی ڈیجیٹائزیشن سے تمام درخواست گزاروں کا ڈیٹا آن لائن دستیاب ہوگا اور ایک کلک پر تمام درخواست گزاروں کا ڈیٹا آئے گا جس سے بہت آسانی ہوگی نظام میں شفافیت اور بہتری لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔