مریم نواز الزام تراشی بند کریں اور پنجاب کالج کے معاملے میں انصاف کو یقینی بنائیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات وتعلقات عامہ، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی پر بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے پنجاب کالج کے واقعہ کی شفاف تحقیقات پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی بھی غلیظ اور بیہودہ سیاست کا سہارا نہیں لیا، جو شریف خاندان کا وطیرہ رہا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ طلبہ کے ساتھ زیادتی جیسے حساس معاملے پر غیر جانبدار تحقیقات کی بجائے دوسرے صوبے کی حکومت پر الزام تراشیاں کر کے عوام کی توجہ اصل مسئلے سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کہ ناکام ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی بیان بازی اور الزامات لگانا اس اہم مسئلے پر افسوسناک ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے واضح کیا کہ مریم نواز انصاف فراہم کرنے کی بجائے انتظامیہ کے ذریعے احتجاج کرنے والے طلباء پر لاٹھیاں برسا رہی ہیں جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ تاہم نہتے لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کی بجائے ان پر تشدد کرنا مسلم لیگ ن کا وطیرہ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد پی ٹی آئی نہیں بلکہ مسلم لیگ ن ہے جو طلباء پر تشدد کر رہی ہے۔ اسی قسم کے واقعات ماڈل ٹاؤن لاہور میں بھی کیے گئے تھے جہاں انصاف کی فراہمی کو نظر انداز کر کے حاملہ خواتین پر گولیاں برسا کر انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ علی امین گنڈاپور مریم نواز کے اعصاب پر سوار ہو چکے ہیں اور وہ اپنے اعصاب پر قابو نہیں رکھ پا رہیں۔ واقعہ پنجاب میں ہوا اور مریم نواز نے بلاوجہ خیبر پختونخوا کی حکومت کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مریم نواز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ان کی یہ حالت انہیں کچھ بھی بولنے پر مجبور کر دیتی ہے

مزید پڑھیں