وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پروزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت سوات موٹر وے فیز2 اور دیر موٹر وے کے حوالے سے ایک اجلاس بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ، اراکین صوبائی اسمبلی انور خان ایڈوکیٹ اور اعظم خان سمیت سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو محمد اسرار، منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی اسد خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ عوام کو آمدورفت کی سہولیات دینے اور تجارت و سیاحت کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے سڑکوں اور موٹرویز کی تعمیر ضروری ہے جس کے لئے صوبائی حکومت بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے اور سوات موٹروے فیز۔ II اور دیر موٹر وے کا منصوبہ اسی سلسلے کی کڑی ہے جسے علاقے کے عوام کی امنگوں کے عین مطابق مکمل کیا جا رہا ہے اجلاس میں سوات موٹروے فیز۔II اور دیر موٹر وے منصوبوں کے موجودہ تعمیراتی ڈیزائن اور اس منصوبوں کو عوامی توقعات کے مطابق مفید بنانے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 36.50بلین روپے کی لاگت پر مشتمل سوات موٹر وے فیز۔IIتقریبا 80 کلومیٹر طویل ہوگی اور 9پلوں کی تعمیر کے ساتھ 7انٹرچینج بھی منصوبے میں شامل ہیں جبکہ درکار اراضی کے حصول کے لیے 21.5 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ سوات موٹروے فیز۔I کی کامیابی کے بعد صوبائی حکومت اب سوات موٹر وے فیز۔II اور دیر موٹر وے کی تعمیر شروع کررہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تعمیراتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لئے ہوتے ہیں اور سوات موٹر وے فیز۔II اور دیر موٹر وے میں جہاں کہیں بھی مقامی لوگوں کو مسائل کا سامنا ہے تو صوبائی حکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ انہیں حل کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ اس ضمن میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر حکومتی سطح پرایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو مقامی لوگوں کے منصوبے کے حوالے سے تحفظات دور کرنے، ڈیزائن میں مزید بہتری پیدا کرنے اور اسے عوامی ضرورتوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے اپنی سفارشات مرتب کرکے پیش کرے گی، اجلاس میں حکام نے صوبائی وزیر کو مذکورہ منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔