نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبہ جات بالخصوص سیلاب زدہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی ، شعبہ معدنیات میں تکنیکی معاونت ، شعبہ توانائی ، سیاحت خاص طور پرمذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔نگران وزیر اعلیٰ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صحت ،تعلیم ، صنعت اور زراعت سمیت دیگر شعبہ جات میں بھی بیرونی سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے صوبائی حکومت استفادہ کرکے ان کے نتائج عوام تک پہنچانا چاہتی ہے۔ محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوستانہ تعلقات قائم ہے ہماری کوشش ہے کہ ان تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مختلف شعبہ جات میں آسٹریلیا کے تعاون کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔آسٹریلین ہائی کمشنر نے ملاقات کیلئے وقت دینے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ یہ خوشگوار ملاقات دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے میں معاون و مددگار ثابت ہوگی۔