محکمہ بلدیات خیبرپختونخوااور نادرا کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد۔

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر بلدیات الیکشن ودیہی ترقی ساول نذیر خان ایڈوکیٹ کی صدارت میں محکمہ بلدیات و دہی ترقی اورنادراکے مابین برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ کے حصول اور رجسٹریشن کے حوالے سے عوامی خدمات میں بہتری لانے اور سہل بنانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔اس حوالے سے محکمہ بلدیات کے ڈائریکٹوریٹ جنرل پشاور میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکر ٹری محکمہ بلدیات عامر آفاق، ڈائریکٹر جنرل افتخار عالم،ڈائریکٹر جنرل سی آر ایس ایم نادرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد، کرنل ریٹائرڈ سہیل محمود اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر بلدیات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بلدیات کے ساتھ تعاون میں نادرا کا کردار قابل تعریف ہے اور مذکورہ مفاہمتی یاداشت کی بدولت صوبے کے عوام خاص کر دور دراز دیہی علاقے اور ضم شدہ اضلاع کے لوگوں کو بروقت ڈیتھ اور برتھ سرٹیفیکیٹ کے حصول کو آسان بنانے اور مزید شفافیت لانے میں مدد ملے گی نیز ان امور کے ڈیجیٹائز اور کمپیوٹرائز ہونے کی بدولت مزید عوامی مشکلات میں کمی آئے گی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ نادرہ صوبے میں عوام کو ڈومیسائل کی فراہمی میں بھی آن لائن تعاون کرنے کے لیے اقدام اٹھائے اور محکمہ بلدیات نادرا کے ساتھ مل کر سکولوں اور ہسپتالوں کی سطح پر بھی عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ دور افتادہ اورضم شدہ اضلاع میں بھی لوگوں کوبرابر ترقی کے مواقع میسر آئیں اور وہاں کے عوام جدید سہولتوں سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

مزید پڑھیں