ہر بچہ پانچ سال تک انسداد پولیو کے قطرے پیے، قومی فریضہ کی ادائیگی میں کوئی سستی نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان منصور ارشد کی زیر صدارت رواں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے دوسرے روز کی کارکردگی سے متعلق ڈپٹی کمشنر آفس میں جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، پولیس، ای پی آئی، کام نیٹ، ڈبلیو ایچ او اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران رواں انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ سیکورٹی پلان اور ٹیموں کے تحفظ کو یقینی بنانے سے متعلق بھی آگاہی دی گئی۔ اسی طرح اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے اور اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو ایک قومی فریضہ ہے لہذا تمام ٹیمیں اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دیں تاہم فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت یا تساہل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ انسداد پولیو کی ہر مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ کوئی بھی بچہ انسداد پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ کر عمر بھر کی معذوری کا شکار نہ ہو جائے۔

مزید پڑھیں