نگران وزیر نے ضم اضلاع میں نوجوانوں کے لئے مختلف ہنر اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لئے ایک اہم پروگرام کا آغاز کیا۔

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے امور ضم اضلاع،فنی تعلیم اورصنعت وحرفت ڈاکٹر عامر عبد اللہ نے ہدایت کی ہے کہ ضم اضلاع میں نوجوان طبقے کو مختلف ہنر اور پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کیلئے شروع کردہ خصوصی منصوبے ایکسیلریٹڈ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف ٹریڈز میں تربیت دینے کیلئے شعبہ فنی تعلیم کے اداروں کے دستیاب وسائل سے استفادہ اٹھایا جائے اور اس سلسلے میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی سے باقاعدہ مفاہمت عمل میں لائی جائے۔ نگران وزیر نے مزکورہ خصوصی پروگرام میں اورکزئی، باجوڑ اور وزیرستان کے علاقوں کیلئے زیتون کی پیوندکاری اور اس سے جڑے دیگر ضروری تربیتی کورسز بھی شامل کرنے کی ہدایت کی جبکہ اس منصوبے کے متعلقہ حکام سے اس پروگرام کے تحت فارغ التحصیل اور باروزگار ہنرمندوں کا مکمل ڈیٹا بھی طلب کیا۔ یہ ہدایت انہوں نے بدھ کے روز ضم اضلاع کیلئے محکمہ صنعت وحرفت کے زیر انتظام شروع کردہ خصوصی منصوبے ایکسیلریٹڈ سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے انہیں دی جانے والی بریفنگ کے دوران دیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر خالد عثمان وزیر اور کوآرڈینیٹر طفیل نے اس اہم منصوبے کے اغراض ومقاصد،ابتک اس کے ذریعے کامیاب ہونے والے طلبہ وطالبات کی تفصیلات اور فراہم کئے جانے والے تربیتی کورسز کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔ نگران وزیر کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ کے تحت مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمندانہ تربیت کے مختلف شعبوں جیسے مائننگ، ٹیکسٹائل،مینوپیکچرنگ وتعمیرات،ٹورزم،لائیوسٹاک وزراعت،انجینئرگ،آئی ٹی و ٹیلی کام کے بنیادی شعبوں سے جڑے ضروری تربیتی کورسز فراہم کئے جارہے ہیں۔ ان کو بتایا گیا کہ مذکورہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں ضم اضلاع کے 302 مرد وخواتین ہنرمندوں کی تربیت مکمل ہوچکی ہے جبکہ دوسرے تربیتی مرحلے میں 445 افراد کی تربیت جاری ہے۔اس موقع پر نگران وزیر نے ہدایت کی کہ پروگرام کے تحت جیمز اینڈ جیمولوجیکل کورس کیلئے محکمہ فنی تعلیم کا حیات آباد میں واقع انسٹی ٹیوٹ کواستعمال میں لانے کیلئے ٹیوٹا کیساتھ ایم او یو سائن کیا جائے جبکہ ایسے ٹریڈز جن کے لئے فنی تعلیم کے مقامی کالجوں میں درکار سہولتیں اور انفراسٹرکچر پہلے سے موجود ہیں کو استفادہ میں لایا جائے۔نگران وزیر نے ان نجی اداروں جن سے پروگرام کے تحت تربیت کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں کی فیس کے نرخ کی تفصیلات بھی انہیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ فارغ التحصیل ہنرمندوں کا روزگار شرع کرنے کیلئے ان کی مالی ضروریات کیلئے مختلف مائیکرو فنانس قرضہ سکیموں سے استفادہ اٹھانے کیلئے ان کا ڈیٹا سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے ذریعے اخوت فاؤنڈیشن اور بینک آف خیبر کو فراہم کیا جائے تاکہ وہ تربیت حاصل کرنے کے بعد بلا کسی تعطل باعزت روزگار شروع کرسکیں۔

مزید پڑھیں