خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے اعلی تعلیم اور ابتدائی وثانوی تعلیم پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم جان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے،ضم اضلاع سمیت صوبے کے تمام کالجز کے مسائل حل کرنااولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ اعلی تعلیم کے 9 میل و فیمیل کالجز کے پرنسپلز کو ہائی ایس گاڑیوں کی چابیاں حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم سید مظہر علی شاہ، ڈائریکٹر اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر فرید اللہ شاہ اور متعلقہ کالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی،اس موقع پر صوبائی وزیر کو متعلقہ حکام نے بتایا کہ پہلی فیز میں اے آئی پی پروگرام کے تحت کل 55 ہائی ایس گاڑیاں اور بسیں منظور ہوئی تھی جن میں پہلے مرحلے میں 46 جبکہ ابھی نو ہائی ایس گاڑیاں تقسیم کی گئیں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے کالجز کی سلیکشن میں طلبہ کی تعداد اور سفری فاصلوں کو ملحوظ خاطر رکھا گیا تھا جبکہ جنرل اور کامرس کالجز کے لیے ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے فیز ون منصوبے کے لیے کل 945 ملین روپے کا تحمینہ رکھا گیا تھا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے منصوبے کے فیز ٹو بارے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ تمام کالجز میں ٹرانسپورٹ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اس منصوبے میں بھی گرلزکالجز کو شامل کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ کالجز میں سٹاف کی کمی سمیت دیگر تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔