چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری سے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے زیر تربیت افسران نے چیف سیکرٹری کانفرنس روم پشاورمیں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکرٹری پی اینڈ ڈی اور ممبر بورڈآف ریونیو بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری نے زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول افسران کی سروس کا مقصد عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنا ہے۔ انھوں نے تاکید کی کہ تمام افسران اپنی صلاحیتوں اور پروفیشنل تربیت کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔ انھوں نے کہا کہ سول سروس ریاستی مشینری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور بطورِ سول سرونٹ کام کرنا ایک اعزاز کے ساتھ ساتھ ذمہ داری بھی ہے جس کے لیے آپ لوگوں کو بہترین انداز میں تربیت دی جاری ہے تاکہ مستقبل میں آنے والی ذمہ داریوں کو ملک و عوام کے بہترین مفاد میں سر انجام دے سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد کروانا ہماری ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے خدمات کی انجام دیہی میں بہتر رہنمائی پرچیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے بہترین انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔