آنے والے بورڈ امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی
سٹوڈنٹ لرننگ آؤٹ کمز پر مبنی امتحانات سے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیں بیدار ہوں گی۔ وزیر تعلیم
صوبہ بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے سربراہان کی جانب سے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کو متعلقہ بورڈز میں لائی گئی اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیمات مسعود احمد اور ایڈیشنل سیکرٹری عبدالاکرم بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ آنے والے میٹرک کے بورڈ امتحانات میں صوبہ بھر سے آٹھ لاکھ اکیاسی ہزار بچے امتحانات میں حصہ لیں گے۔ ان امتحانات کے لیے 3500 کے قریب امتحانی ہالز بنائے گئے ہیں۔ وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ امتحانات کے دوران تمام بورڈز سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے امتحانی ہالز کی مانیٹرنگ بھی کریں گے۔ تمام بورڈز کی جانب سے طلبہ کی ڈیجیٹل حاضری لی جائے گی جس سے نقل کی روک تھام میں بھرپور مدد ملے گی۔ بریفنگ کے دوران تمام چیئرمینز کی جانب سے بتایا گیا کہ پرچوں کی آن سکرین مارکنگ کی جائے گی جس کا سب سے بڑا فائدہ خواتین مارکرز کو ہوگا جنہیں اپنے گھروں میں مارکنگ کی سہولت میسر آئے گی۔ اس سسٹم کے تحت ہفتے کے تمام دنوں کے 24 گھنٹے مارکنگ کا کام جاری رہے گا اور ان تمام مارکرز کو سافٹ ویئر کے ذریعے 24 گھنٹے مانیٹر بھی کیا جائے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم مسعود احمد کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں کسی بھی ہال سے امتحانی عملے کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں تو ان کے خلاف فوری ایکشن ہوگا۔ امتحانات میں نقل کرنے اور کروانے کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ وزیر تعلیم کو سٹوڈنٹ لرننگ آؤٹ کمز پر مبنی امتحانات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اس سے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیں بہتر ہوں گی اور ہمارے طلبہ مقابلے کے امتحانات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں گے۔ وزیر تعلیم کی جانب سے تمام بورڈز میں لائی جانے والی اصلاحات کو سراہا گیا اور امتحانی عملے کی ڈیوٹیز کے حوالے سے موجود نظام کو مزید فعال اور بہتر بنانے کی ہدایات دی گئیں۔