مینجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن عین اللہ نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں شرح خواندگی بڑھانے، بچوں کو کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی اور سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں واپس لانے کے لیے فاؤنڈیشن نے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ہمارے کمیونٹی بیسڈ ایجوکیشن سینٹرز میں ہزاروں کی تعداد میں موجود طلبہ و طالبات کو مفت تعلیم اور دیگر تمام سہولیات مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے نئے پروگرامز میں مڈل اور ہائی لیول پر تعلیمی ادارے قائم کر رہے ہیں تاکہ بچوں کو اپنے ہی علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کی سہولیات میسر آسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرجڈ ایریا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے جاری و نئے پروگرامز اور کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ بریفنگ کے موقع پر کیا۔ ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر شوکت حیات اور فاؤنڈیشن کے دیگر اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نو تعینات مینجنگ ڈائریکٹر کو مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مختلف پروگرامز، کارکردگی، بجٹ اور دیگر مختلف سیکشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مینجنگ ڈائریکٹر عین اللہ نے حکام کو ہدایت کی کہ نئے مالی سال کے لیے قبائلی اضلاع میں تعلیمی بہتری، شرح خواندگی بڑھانے اور آؤٹ آف سکول بچوں پر قابو پانے کے لیے نئے پروگرامز شامل کیے جائیں اور تمام قبائلی اضلاع میں ضرورت کے مطابق نئے تعلیمی ادارے کھولنے اور پہلے سے قائم سکولوں کو اپگریڈ کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ترقی کا واحد ذریعہ ہے اور بذریعہ تعلیم ہم ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں اپنے مینڈیٹ کے مطابق اے ایل پی پروگرامز، سیکنڈ شفٹ سکولز پروگرام، سکالرشپس کی فراہمی اور اساتذہ کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کرنے کے لیے نئے پروگرامز شروع کیے جائیں گے۔ اور جاری پروگرامز کو دیگر تمام اضلا ح تک توسیح دی جائے گی۔ بریفنگ کے موقع پر انہیں بتایا گیا کہ جاری پروگرامز میں لٹریسی فار آل، بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز اور این سی ایچ ڈی سنٹرز کے علاوہ سباون سکولز، مڈل کمیونٹیز سکولز اور اساتذہ کی تربیت کے دیگر پروگرام شامل ہیں لٹریسی فار آل پروگرام کے سینٹرز میں 17 ہزار 625 طلبہ و طالبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ 267 اساتذہ بھی شامل ہیں۔ اسی طرح کمیونٹی سکولوں کی کل تعداد 337 ہیں۔ کل 639 اساتذہ ہیں اور 27 ہزار 293 طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں اور سباون پروگرام کے تحت مزید 25 سکول بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔ جن میں بچوں کو وظائف فراہم کیے جائیں گے۔اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر عین اللہ نے مرجڈ ایریا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی کارکردگی کو سراہا اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔