مینجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میاں عین اللہ نے کہا ہے کہ ضم اضلاع میں فاؤنڈیشن کے زیر انتظام مڈل سکول اور سباون سکول پروگرامز عنقریب شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے لٹریسی سپروائزرز کو پروگرام کے اجراء کے لیے بالترتیب 10 اور 15 دنوں کے اندر تمام ڈیٹا بھیجنے کی ہدایت کی تاکہ پروگرام پر جلد از جلد کام شروع ہو اور قبائلی اضلاع کے عوام کو تعلیم کی سہولیات ان کے قریبی علاقوں میں مل سکیں۔ مینجنگ ڈائریکٹر میاں عین اللہ نے مزید ہدایت کی کہ مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں درس و تدریس بشمول اساتذہ طلبہ اور سکولوں کا تمام نظام ڈیجیٹائز کیا جائے گا اس ضمن میں لٹریسی سپروائزرز 20 دنوں کے اندر گوگل فارم پر تمام ڈیٹا بھیج دیں تاکہ سسٹم کی مزید ڈیجیٹائزیشن جلد از جلد مکمل کی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے لٹریسی سپروائزرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر شوکت حیات تمام ضم اضلاع کے لٹریسی سپروائزرز اور ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔ میاں عین اللہ نے سپروائزرز کو ہدایت کی کہ کلاس رومز میں درس و تدریس کے عمل کی مکمل مانیٹرنگ، اساتذہ و طلبہ کی حاضری، کتابوں کی دستیابی اور سکولوں میں دیگر تمام سہولیات کی کمی بارے ماہانہ رپورٹس ہیڈ افس بھیجا کریں تاکہ ان رپورٹس پر مزید کاروائی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع بشمول پورے صوبے میں تعلیم عام کرنا اور عوام کو ان کی دہلیز پر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس ضمن میں ویلج کمیٹیز، علاقہ عمائدین، متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسز اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مضبوط روابط قائم رکھے جائیں اور داخلہ مہم پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کی عظیم نعمت سے محروم نہ رہے۔ مینجنگ ڈائریکٹر میاں عین اللہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ ڈراپ اؤٹ ریشو پر قابو پانے اور بچوں کو سکولوں کی طرف راغب کرنے کے لیے خصوصی مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لٹریسی سپروائزرز کے جملہ مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ تاہم اپ اپنی تمام تر توجہ طلبہ اور درس و تدریس کے نظام میں مزید بہتری لانے پر دیں۔