وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورنے تمام ڈویژنل کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے پیش نظر خراب ٹرانسفارمر زکی مرمت کا فوری بندوبست کیاجائے ، صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ کو درکار فنڈز فراہم کرے گی ۔اُنہوں نے مزید ہدایت کی کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کرنے کیلئے متعلقہ واپڈا اہلکاروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے ۔ بجلی لوڈ شیڈنگ سے متعلق جو شیڈول جاری ہوا ہے اس سے ہٹ کر ایک منٹ کی بھی لوڈ شیڈنگ برداشت نہیں کی جائے گی ۔ یہ ہدایات اُنہوںنے پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقدہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزکے ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے جاری کیں۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سید امتیاز حسین شاہ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ، سیکرٹری خزانہ عامر سلطان ترین بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیولنک اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ صوبائی حکومت کی پالیسی پر عمل درآمد کیلئے فرنٹ لائن ٹیم ہیں، انہیں عوام کو ریلیف دینے اور حکومت کی گڈ گورننس حکمت عملی پر عمل درآمد کیلئے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کرکام کرنا ہو گا ، کسی سے کوئی انتقام نہیں لیا جائے گا، سرکاری اہلکار تسلی سے عوام کی خدمت کریں۔ ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اور نہ ہی سیاسی انتقام کی بنیاد پر کسی افسر کا تبادلہ کیا جائے گا۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ سرکاری اہلکاروں کی ٹرانسفر/ پوسٹنگ صرف اور صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہو گی، اگر کسی اہلکار کی کارکردگی قابل اطمینان نہیں ہو گی تو اس کا تبادلہ ضرور ہو گا ۔ وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے متعلقہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ منصوبے عوام کے ٹیکس کے پیسے سے چلتے ہیں ، ایک ایک پیسے کی حفاظت اور دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جائے ۔ اُنہوںنے صوبے کے سیاحتی مقامات تک جانے والی خراب سڑکوں کی فوری مرمت کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ جن علاقوں میں ٹوارزم روڈز بند ہیں ، انہیں فوری کھولا جائے ، حکومت اس مقصد کیلئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ سیاحوں کی سہولت کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا ۔وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو آنے والے مون سون سیزن میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں بروقت مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں درکار معاونت کیلئے متعلقہ محکمے سے رابطے میں رہے ۔ وزیراعلیٰ نے حساس اضلاع میں محرم کے دوران فول پروف سکیورٹی کے انتظامات بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ محرم کے سلسلے میں پیشگی انتظامات کئے جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے شندور پولو فیسٹیول کیلئے بھی انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شندور پولو گراونڈ میں سیاحوں کیلئے تمام سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی اقدمات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ قربانی کے جانوروںکی آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے ڈمپنگ کا بندوبست کیا جائے ۔