خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز مینا خان آفریدی کی زیر صدارت یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کا سینیٹ اجلاس ہائیر ایجوکیشن سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلرانجینئرنگ یونیورسٹی ڈاکٹر محمد صادق خٹک، محکمہ اعلی تعلیم خیبرپختونخوا، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، محکمہ خزانہ اور محکمہ اسٹبلشمنٹ خیبرپختونخوا سمیت جامعہ کے دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ جامعہ حکام نے بجٹ اخراجات برائے مالی سال 2025-26 پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بجٹ اخراجات کا پیرا وائز جائزہ بھی لیا گیا جہاں 945.6 ملین روپے سالانہ اخراجات کی منظوری دے دی گئی۔ بعد ازاں، خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم مینا خان آفریدی کی زیر صدارت یونیورسٹی آف ہری پور کا سینیٹ اجلاس بھی ہائیر ایجوکیشن سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان، محکمہ اعلی تعلیم خیبرپختونخوا، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، محکمہ خزانہ اور محکمہ اسٹبلشمنٹ خیبرپختونخوا سمیت جامعہ کے دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں جامعہ ہری پور کی تمام ضروری امور کے حوالے سے جامعہ حکام نے بریفنگ دی۔ سال 2025-26 کے لیے بجٹ اخراجات پر تفصیلی بحث ہوئی۔ جس میں سالانہ اخراجات کی منظوری دی گئی۔ وزیر برائے اعلی تعلیم مینا خان آفریدی نے جامعہ حکام کو ہدایت کی کہ جون 2026 تک جامعہ کی مکمل سولرائزیشن کی جائے۔ انہوں نے جامعہ ہری پور کی مجموعی کارکردگی کو بھی سراہا۔