خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے حوالے سے اپنی نوعیت کے سب سے بڑے ایونٹ”خیبر پختونخوا گیمز 2025” باقاعدہ طور پر شروع ہوگئے۔ان کھیلوں کا باضابطہ افتتاح جمعرات کے روز وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ ایک رنگا رنگ تقریب میں کیا جس میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان کے علاؤہ دیگر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،سیکرٹری سپورٹس محمد ضیا الحق،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصرخان سمیت مختلف اعلی سرکاری حکام، شائقین کھیل،کھلاڑیوں،طلبہ اور مرد وخواتین نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا جبکہ ثقافتی رنگوں پر مشتمل علاقائی روایتی رقص بھی پیش کی گئی۔تقریب میں امن کی علامت کے طور پر ہوا میں کبوتر اور غبارے بھی چھوڑے گئے اور مارشل آرٹ کے مظاہرے کیساتھ ساتھ اتھلیٹ سمیع اللہ و دیگر نے ان گیمز کا مشال روشن کیا۔منعقدہ تقریب میں صوبہ بھر کے سات ریجنز کے کھلاڑیوں پر مشتمل دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے ان سے سلامی لی۔خیبر پختونخوا گیمز 2025 اس لحاظ سے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے کہ اس میں پشاور،مردان،ہزارہ،کوہاٹ،ملاکنڈ،ایبٹ اباداور ڈی آئی خان کے سات ریجنز کے 2500 مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہیں۔یہ گیمز 23 فروری تک جاری رہیں گے جن میں مردوں کے 16 اور خواتین کی 12 کھیلیں شامل ہیں اور یہ پشاور، چارسدہ اور کوہاٹ میں کھیلیں جائیں گی۔مردوں کے مقابلوں میں اتھلیٹکس،فٹبال،ہاکی،والی بال،باسکٹ بال،کراٹے،تائکوانڈو،باکسنگ،اسکواش،ٹیبل ٹینس،بیڈ منٹن،جمناسٹک،تھرو بال،جوڈو،ہینڈ بال اور ووشو کے مقابلے شامل ہیں جبکہ خواتین کے مقابلوں میں اتھلیٹکس،ہاکی،کرکٹ،والی بال،باسکٹ بال،کراٹے،تائکوانڈو،جوڈو،نیٹ بال،اسکواش،ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن کے مقابلے ہوں گے۔ منعقدہ تقریب سے صوبائی وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بانی چیرمین عمران کے ویژن کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی ہدایت پر ان کھیلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا گیمز میں ٹیموں اور انفرادی حیثیت کے مقابلوں میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو 25 ہزار روپے کا ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ایک سال کی حکومتی عرصہ میں یہ ہمارے صوبے کیلئے اعزاز ہے کی پی ٹی آئی کی حکومت نے زیادہ سپورٹس ایونٹس کا انعقاد کرایا جو کہیں اور نہیں ہوئے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کھیلوں کی ان سرگرمیوں کے کامیاب انعقاد کا سارا سہرا وزیر اعلی علی امین خان گنڈاپور کو جاتا ہے جو اس شعبے پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔انھوں نے بہترین انتظامات پر محکمہ سپورٹس کے حکام اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے مختلف ایونٹس کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ آئندہ بڑا ایونٹ ڈیرہ جات کا منعقد کیا جائے گا جبکہ صوبے میں پولو گیمز بھی کرائیں گے۔انھوں نے کہا ارباب نیاز سٹیڈیم کو رونقیں بھی جلد از جلد بحال ہونے والی ہیں۔اس سٹیڈیم میں پی ایس ایل بھی ہوگا اور کوشش ہے کہ پشاور زلمی کے میچز بھی یہاں پر ہوں اور انٹرنیشنل کرکٹ یہاں پر لانے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔تقریب میں صوبائی وزیر کھیل نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو شیلڈ بھی پیش کی۔