وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پشاور یونیورسٹی میں یوتھ امپاورمنٹ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ اقبال لٹریری فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی علمی و فکری محافل کا انعقاد نوجوانوں کی کردار سازی اور فکری رہنمائی کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری اور افکار نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ اقبال نے اپنے کلام میں تاریخ، فلسفہ اور انسانی زندگی کے مسائل کو اس انداز میں بیان کیا ہے جو ہر دور کے انسانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اقبال کا سب سے بڑا پیغام نوجوانوں کے لیے کردار کی تشکیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مادی دور میں اقبال کی تعلیمات ہمیں یہ سبق دیتی ہیں کہ اپنی خودی کو پہچانیں اور زندگی کے بلند مقاصد کے لیے جدوجہد کریں۔مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ اپنی سوچ، شعور، اور علم کے دائرہ کار کو وسیع کریں۔ اقبال کے افکار کو سمجھیں اور ان پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی کے اہداف کو بلند رکھیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زندگی کی کامیابی مادی مقاصد کے حصول میں نہیں بلکہ انسانیت کی فلاح کے لیے کام کرنے میں ہے۔مشیر اطلاعات نے تقریب کے آخر میں مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔