صوبائی وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی اور صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے خوازہ خیلہ میں مینگورہ گریویٹی واٹر سپلائی اسکیم کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا جائزہ لیا اس موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا تقریب میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سلیم الرحمان، سہیل سلطان ایڈوکیٹ، چیئرمین ڈیڈیک سوات آختر خان ایڈوکیٹ، علی شاہ خان ایڈوکیٹ، ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر تنویر الرحمان اور اسکیم سے متعلق متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی اس موقع ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے جی ایم آپریشنز ذیشان پرویز نے صوبائی وزراء کو اسکیم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی بریفنگ میں بتایا گیا کہ مینگورہ گریویٹی واٹر سپلائی اسکیم سے مینگورہ سٹی کے 25 ویلج کونسلز کے رہائشی پینے کے صاف پانی سے مستفید ہونگے اور پانی سے متعلق دیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائے گا جو مینگورہ کے رہائشیوں کے لئے ایک اہم سنگِ میل ہے، منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز ہو چکا ہے جو تیزی سے جاری ہے، منصوبہ مینگورہ شہر اور ارد گرد آبادیوں کو اگلے تین دہائیوں تک صاف پانی فراہم کرے گا، صاف پانی کی فراہمی سے صحت کے مسائل کا بھی خاتمہ ہوگا، اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ منصوبے پر 28 ارب سے زائد مجموعی لاگت آئے گی، منصوبے میں واٹر ڈسٹریبیوشن سسٹم اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ 55000 واٹر کنکشنز فراہم کرے گا، منصوبے میں مجموعی طور پر 472 کلومیٹر ڈسٹریبیوشن نیٹورک اور 18 نئے واٹر ٹینک شامل ہیں، 136 کینال پر بننے والے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں 30 ایم جی ڈی ٹریٹمنٹ صلاحیت ہوگی۔ منصوبے کے تحت 48 انچ پائپ لائن بچھائی جائے گی اور فضا گٹ میں پلانٹ لگایا جائے گا جس سے شہری آبادیوں کو پانی فراہم کی جائے گی۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا ہے کہ جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ریپڈ گریویٹی فلٹرز ٹیکنالوجی، سولر انرجی اور واٹر میٹرنگ متعارف کی جارہی ہے جس سے صاف شفاف پانی بغیر کسی اضافی سپورٹ کے گھروں اور بالائی منزلوں تک پہنچ سکے گا جس سے گھروں میں بجلی کی بچت ہوگی اور لوڈ شیڈنگ کے باوجود آبادیوں کو پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج اللہ کے کرم سے منصوبے پر عملی کام تیزی سے جاری ہے اور یہ واٹر گریویٹی منصوبہ مینگورہ کے لئے سب سے اہم اور بڑا منصوبہ ثابت ہوگا۔