خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی کے بعد جعلی حکومت کی بنیادیں ہل چکی ہیں، دونوں ہائیکورٹس عمران خان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھے ہیں، جعلی حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں ہائی کورٹس کے نو منتخب صدور کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ جیت دراصل پی ٹی آئی اور عمران خان کے نظریے کی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کو بار انتخابات میں فارم 47 کے ذریعے دھاندلی کا موقع نہیں ملا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ اس شاندار کامیابی نے ثابت کر دیا کہ اس ملک کے حقیقی لیڈر عمران خان ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وکلاء کی نومنتخب قیادت آئین کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گی اور عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ یہ الیکشن جعلی حکومت کے غیر قانونی اور اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ شفاف انتخابات کے ذریعے جعلی حکومت کو ہر جگہ پر رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بھر میں جیت کا جشن منایا جارہا ہے کیونکہ بار کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے نظرئیے کی جیت ہوئی ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی قریب ہے۔