مینجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میاں عین اللہ نے کہا

مینجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میاں عین اللہ نے کہا ہے کہ فاؤنڈیشن ضم اضلاع میں تعلیمی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے اساتذہ کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ قابل اور ذہین طلباء و طالبات کو صوبے کی بہترین تعلیمی درسگاہوں میں سکالرشپ فراہم کر کے بارہویں جماعت تک مفت تعلیم بھی فراہم کی جاتی ہے جبکہ فاؤنڈیشن کے نئے شروع کردہ پروگرامز کے ذریعے جہاں پر پرائمری سے اوپر لیول کے تعلیمی ادارے موجود نہیں وہاں مڈل سکول پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضم اضلاع اورکزئی اور باجوڑ کے کمیونٹی سکولوں کے اساتذہ کو چار روزہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ سے کہا کہ ٹیچنگ ایک مقدس پیشہ ہے اور آپ لوگوں پر اس ملک کے مستقبل کو سنوارنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہے آپ لوگوں نے یہاں دوران تربیت جو کچھ سیکھا وہ اپنے طلباء و طالبات کو منتقل کریں بچوں کی درس و تدریس کے ساتھ ساتھ ان کے اخلاقیات پر بھی خصوصی توجہ دیں اور ان کو ایک مفید شہری بنائیں تاکہ وہ ملک و قوم کی بہتر خدمت کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کریں آج کا دور ٹیکنالوجی کا دور ہے اور ہمیں بین الاقوامی لیول پر مقابلے کے لیے اپنے بچوں کو تیار کرنا ہوگا جس کے لیے ٹیکنالوجی کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
مینجنگ ڈائریکٹر میاں عین اللہ نے مزید کہا کہ ہمارے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد آؤٹ آف سکول کو کنٹرول کر کے بچوں کو سکول میں لانا ہے اور نئے تعلیمی سینٹرز قائم کر کے بچوں کو ان کی دہلیز پر بہترین تعلیمی مواقعوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کمیونٹی سکولوں میں موجود طلباء و طالبات کو کوالٹی ایجوکیشن فراہم کرنا ہے۔ میاں عین اللہ نے فاؤنڈیشن کے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے حوالے سے کہا کہ فاؤنڈیشن کا یہ سسٹم مکمل طور پر فعال ہو چکا ہے طلبہ و اساتذہ اور سکولوں کی تفصیلات مکمل کر لی گئی ہیں اور طلبہ و اساتذہ کی روزانہ حاضری کے ساتھ ساتھ درسی کتابوں کی فراہمی، روزانہ کی مانیٹرنگ اور امتحانات و نتائج بھی اسی سسٹم کے تحت منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے چار روزہ تربیت کے حوالے سے کہا کہ تربیت مینول اساتذہ کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر بنایا گیا ہے جس کے لیے کمیونٹی سکولوں کے اساتذہ کو درپیش تدریسی مشکلات کے مطابق تربیت مینول تیار کیا گیا ہے اور ہم امید رکھتے ہیں کہ اس تربیت کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔ اس چار روزہ تربیت پروگرام کے تحت اساتذہ کو کلاس روم مینیجمنٹ، ایس ایل او بیسڈ تربیت، سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت لائحہ عمل، ملٹی گریڈ ٹیچنگ، ٹیچنگ سکلز، گروپ ایکٹیویٹیز، جائزہ اور دوسری اہم سکلز سکھائی گئیں۔ ماسٹر ٹرینرز کی خدمات خالدہ ادیب اور طارق علی نے دیں تقریب کے اختتام پر تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ کو سرٹیفیکیٹس اور توصیفی اسناد دی گئیں۔

مزید پڑھیں